ایف بی آر کی درخواست پر 20 اکاﺅنٹس کو منجمد کرنے کا حکم

اربوں روپے کی ٹرانزیکشن والے اکاﺅنٹس سے رقم نکال لی جائے گی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 17 اپریل 2019 12:17

ایف بی آر کی درخواست پر 20 اکاﺅنٹس کو منجمد کرنے کا حکم
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 اپریل۔2019ء) کراچی کی مقامی عدالت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر 20 مختلف بینک اکاﺅنٹس کو عبوری طور پر منجمد کرنے کا حکم دے دیا ہے. شہر قائد کی کسٹم عدالت میں امریکی ڈالرز بیرون ملک بھیجنے، اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور بے نامی اکاﺅنٹس سے متعلق کیس کی سماعت کی. عدالت میں ایف بی آر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ خدشہ ہے کہ اربوں روپے کی ٹرانزیکشن والے اکاﺅنٹس سے رقم نکال لی جائے گی، لہٰذا قومی رقم محفوظ بنانے کے لیے تینوں مقدمات کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کیے جائیں.

(جاری ہے)

سماعت کے دوران بتایا گیا کہ کراچی کے ایک خاندان کی جانب سے 4 لاکھ سے زائد ڈالرز امریکا منتقل کیے جانے کا مقدمہ درج ہے، ان ملزمان میں پرویز علی ان کی بیٹیاں سارہ، انعم علی اور بیٹا جبران شامل ہیں. تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے منی لانڈرنگ کے لیے 2016 میں 11 بینک اکاﺅنٹس کھولے اور وہ اب تک 4 لاکھ 94 ہزار 500 ڈالرز امریکا منتقل کرچکے ہیں.

انہوں نے بتایا کہ منجمند کرنے والے اکاﺅنٹس میں بھٹو کالونی کے رہائشی محمد ابراہیم کا اکاﺅنٹ بھی شامل ہے، بے نامی اکاﺅنٹ میں یکم جولائی 2015 سے 30 جون 2018 تک رقم منتقل کی گئی. تفتیشی افسر کے مطابق 3 برس میں مجموعی طور پر 36 کروڑ 94 لاکھ سے زائد کی رقم جمع کروائی گئی، اس کے ساتھ ساتھ 8 ارب روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن کرنے والے 8 بے نامی اکاﺅنٹس بھی منجمد کرنے ہیں.

انہوں نے بتایا کہ 4 تاجروں پر 5 برس میں ایک ارب 26 کروڑ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری کا الزام ہے، ان ملزمان میں ایک زور طالب خان سالار انٹرپرائزز اور سالار مائننگ کا پرپرائٹر ہے. تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ تاجر زور طالب خان نے 2012 سے 2017 کے دوران 6 بے نامی اکاﺅنٹس کھولے جبکہ ملزمان نے 5 برس میں 8 بے نامی اکاﺅنٹس سے 8 ارب سے زائد کی ٹرانزیکشن کی‘عدالت کو بتایا گیا کہ بے نامی اکاﺅنٹس کا استعمال رنگ کی دکان، ٹرانسپورٹرز، تیل، اسپیئر پارٹس کے کاروبار میں کیا گیا. اس موقع پر عدالت سے استدعا کی گئی کہ ان بینک اکاﺅنٹس کو 30 روز کے لیے منجمند کرنے کا حکم دیا جائے، جس پر عدالت نے 20 ایسے اکاﺅنٹس کو عبوری طور پر منجمد کرنے کا حکم دے دیا.