ن لیگی قیادت نے بیک ڈور چینلز سے این آر او کی کوششیں تیز کر دیں

سیاسی مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا شکار 40 کے قریب ارکان اسمبلی کا فارورڈ بلاک بنانے پر غور

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 17 اپریل 2019 12:26

ن لیگی قیادت نے بیک ڈور چینلز سے این آر او کی کوششیں تیز کر دیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اپریل 2019ء) : نیب کی کارروائیوں کے پیش نظر مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے بیک ڈور چینلز سے ایک مرتبہ پھر این آر او حاصل کرنے کی کوششوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب پارٹی کے سیاسی مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا شکار 40 کے قریب ارکان اسمبلی مرکز اور پنجاب میں فارورڈ بلاک بنانے کے لئے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق مرکز اور پنجاب کے اعلیٰ سیاسی حلقوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی نیب زدہ اعلیٰ قیادت ایک دفعہ پھر سے بیک ڈور چینلز کے ذریعے این آراو حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے ، اس سلسلے میں حکومتی جماعت کے بڑوں سے براہ راست رابطے بھی کئے جا رہے ہیں جن میں کچھ رابطے لندن میں کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

ن لیگ حکومتی جماعت کے ٹاپ لیول پر مڈل مین کے ذریعے رابطوں میں بھی مصروف ہے ،ان کے مطابق ن لیگ کسی ایسے فارمولے کی خواہش رکھتی ہے جسکے تحت وہ نیب کو کچھ دے بھی دیں اور پلی بارگین بھی کر لیں ، لیکن یہ فارمولا پبلک نہ کیا جائے ،جس کے بعد ان کی اعلیٰ قیادت کو ملک سے باہر جانے کی اجازت مل جائے ۔

ان کا بتانا تھا کہ ان حالات کا مسلم لیگ ن کے باخبر ایم این ایز اور ایم پی ایز کو علم ہے اور وہ پارٹی کے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار ہیں اور 40 کے قریب ممبران قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی نے مرکز اور پنجاب میں فارورڈ بلاک بنانے پر غور کرنے کے لئے ملاقاتیں شروع کر دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ممبران اسمبلی کی بڑی تعداد کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے اور ممبران ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں، شمالی پنجاب میں ضلع بھکر، میانوالی، چنیوٹ ،اٹک اور راولپنڈی کے ممبران بھی فارورڈ بلاک میں شامل ہیں جبکہ وسطی پنجاب میں ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے کچھ ن لیگی ممبران بھی فارورڈ بلاک بنانے کی سوچ کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بننے سے متعلق حکومتی جماعت کے رہنما شوکت بسرا بھی دعویٰ کر چکے ہیں کہ مسلم لیگ ن کے صوبائی اسمبلی کے اراکین نے فارورڈ بلاک بنانے کی تیاری کر لی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کی کسی لوٹ مار کا دفاع نہیں کریں گے۔