دُبئی: ماں کے بھیجے پارسل نے بیٹی کو10 سال قید کر ادی

خاتون کوبھیجے گئے پارسل میں سے پانچ کلو بھنگ برآمد ہونے پر اُسے گرفتار کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 17 اپریل 2019 13:38

دُبئی: ماں کے بھیجے پارسل نے بیٹی کو10 سال قید کر ادی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل 2019ء) دُبئی میں روزگار کی غرض سے مقیم ایک خاتون کو اُس کی ماں کی جانب سے بھیجے گئے پارسل نے دس سال کی قید کروا دی۔ استغاثہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرتعینات ایک کسٹم انسپکٹر نے افریقہ سے آنے والی ایک خاتون کے سامان کی تلاشی لی تو اُس میں موجود ایک آٹے سے بھرے بیگ میں سے بھنگ کی بڑی مقدار برآمد ہوئی جس پر اس خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔

تاہم اس خاتون کا کہناتھا کہ اُسے نہیں پتا تھا کہ اس بیگ میں کیا ہے، دراصل اُس کی دُبئی میں مقیم ایک کزن نے اپنی ماں سے کچھ سامان منگوایا تھا، جو وہ لے کر آئی تھی، اس کے اندر کیا تھا، وہ اس بارے میں قطعی لاعلم تھی۔ تاہم خاتون کو تفتیش کے لیے انسدادِ منشیات کے ادارے کے ہاں منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

جب خاتون کی دُبئی میں موجود کزن سے پُوچھ گچھ کی گئی تو اُس نے اعتراف کر لیا کہ یہ سامان اُس کی ماں نے بھجوایا تھا، تاہم اُسے بھی نہیں پتا کہ ماں اُسے بھنگ بھجوا رہی ہے۔

کیونکہ ماں کو یہ نہیں پتا تھا کہ دُبئی میں بھنگ ممنوعہ اشیاء میں شمار ہوتی ہے۔ اگر ماں کو پتا ہوتا تو وہ بھنگ نہ بھجواتی۔ جس پر عدالت کی جانب سے دُبئی میں مقیم خاتون کو دس سال قید کی سزا سُنا دی گئی، جبکہ بھنگ سے بھرا بیگ لانے والی اُس کی کزن کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا گیا۔ افریقی خاتون کو قید کی سزا کے علاوہ پچاس ہزار درہم جرمانہ ادا کرنے کی سزا بھی سُنائی گئی ہے۔ جبکہ سزا کی مُدت پُوری ہوتے ہی خاتون کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔