سستی گاڑیوں کے نام پر ساڑھے تین کروڑ روپے کے فراڈ کیس میں ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

گواہان اپنے بیانات قلمبند نہ کروا سکے ،احتساب عدالت کا ملزم شفیق حالی کو 29 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم

بدھ 17 اپریل 2019 14:28

سستی گاڑیوں کے نام پر ساڑھے تین کروڑ روپے کے فراڈ کیس میں ملزم کے جوڈیشل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2019ء) احتساب عدالت نے سستی گاڑیوں کے نام پر ساڑھے تین کروڑ روپے کے فراڈ کیس میں ملزم شفیق حالی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 روز کی توسیع کردی ۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج جواد الحسن نے ملزم کو 29 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ گواہان عدالت کے روبرو اپنے بیانات قلمبند نہ کروا سکے ۔

(جاری ہے)

نیب کے مطابق حالی موٹرز اسکینڈل کیس کے مرکزی ملزم محمد شفیق حالی نے سستی گاڑیوں کے نام پر ساڑھے تین کروڑ روپے کا فراڈ کیا، ملزم کے خلاف شہریوں کوسستی گاڑیاں دلوانے کے نام پر ایڈوانس رقم جمع کروا کر تین کروڑ پچاس لاکھ روپے سے محروم کرنے کا الزام ہے، ملزم کے خلاف ایک سوپچاس سے زائد شہریوں نے جولائی دوہزار سولہ میں نیب لاہور سے رجوع کیا تھا، ہالی موٹرز کے مرکزی ملزم شفیق حالی نے جو لائی 2015ء میں مین بلیورڈ, فیصل ٹائون لاہور میں واقع اپنے دفتر میں لوگوں کو 2 سے 3 لاکھ ایڈوانس رقم پرگاڑی دینے کا لالچ دینا شروع کیا، ملزم نے پبلسٹی کے ذریعے شہریوں کو دو سے تین لاکھ ایڈوانس جمع کروانے اور پندرہ سے بیس دن میں صرف بارہ ہزار روپے ماہانہ کی اقساط پر گاڑی دینے کا جھانسہ دیا۔