نندی پورپراجیکٹ کیس ،استغاثہ کے گواہ شاہد علی پرجرح مکمل ، آئندہ سماعت مزید دو گواہ طلب

بدھ 17 اپریل 2019 14:41

نندی پورپراجیکٹ کیس ،استغاثہ کے گواہ شاہد علی پرجرح مکمل ، آئندہ سماعت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2019ء) احتساب عدالت میں نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرانس میں استغاثہ کے گواہ شاہد علی نے بیان ریکارڈ کرادیا ،جرح بھی مکمل ، عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید دو گواہان امتیاز گوندل اور نوید کو طلب کرلیا ۔ بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس پر کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کی ۔

ڈاکٹر بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت استغاثہ کے گواہ وزارت خزانہ کے ڈپٹی سیکرٹری شاہد علی نے اپنا بیان قلم بند کرایا وکلاء صفائی نے اعتراض بھی اٹھایا کہ گواہ پڑھ کر بیان ریکارڈ کروا رہے ہیں ، بیان ریکارڈ کرانے کے بعد گواہ پر جرح کی گئی ۔ بابر اعوان نے گواہ سے سوال کیا کہ 13 جولائی 2009 کو آپ کے پاس کوئی سمری آئی۔گواہ شاہد علی نے جواب دیا کہ نہیں، میرے علم میں نہیں۔بابر اعوان نے کہاکہ آپ بڑے سینئر ہیں آپ نے کہا کہ کیس کو پڑھ کر آیا ہوں لیکن آپکے پاس پکوڑوں والی دستاویزات ہیں۔گواہ شاہد علی پر جرح کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید دو گواہان امتیاز گوندل اور نوید طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 اپریل تک ملتوی کر دی