مثالی معاشرے کی تشکیل کے لئے ڈائیلاگ کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے،آئندہ سال لٹریری فیسٹیول کو 49 شہروں میںبراہ راست نشر اور ٹیلی ویژن چینل کے ذریعہ ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کا پوٹھوہار لٹریری فیسٹیول کے افتتاحی اجلاس سے خطاب

بدھ 17 اپریل 2019 14:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2019ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا ہے کہ آج جن مسائل سے ہم دوچار ہیں ان کی اصل وجہ ڈائیلاگ سے دوری ہے، انفرادی و اجتماعی ہر قسم کے مسائل کے حل، قومی مسائل پر عوامی اتفاق رائے کو فروغ دینے اورمثالی معاشرے کی تشکیل کے لئے ڈائیلاگ کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے، نئی نسل کو اِس جانب راغب کرنے کے لئے آئندہ سال لٹریری فیسٹیول کو 49 شہروں میں یونیورسٹی کی ریڈیو نشریات کے تحت براہ راست نشر اور ٹیلی ویژن چینل کے ذریعہ ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ اردو کے زیر اہتمام منعقدہ پہلے پوٹھوہار لٹریری فیسٹیول کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مزید کہا کہ فن ادب کے قیمتی ورثہ کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے لئے کانفرنسسز اور ادبی محافل منعقد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید اور اختلاف رائے کے باوجود کسی پوائنٹ پر متفق ہونے کے لئے اصول و آداب سے رجوع کرنے اور ڈائیلاگ کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ یہ میرے لئے اعزاز کی بات اور خوشی کا مقام ہے کہ آج میں قلم سے وابستہ لوگوں کے درمیان بیٹھا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار لٹریری فیسٹیول کا انعقاد یونیورسٹی میں ایک نئی روایت کا آغاز ہے جس پر شعبہ اردو مبارکباد کا مستحق ہے۔ دن بھر جاری رہنے والا یہ فیسٹیول 8 نشستوں پر مشتمل تھا۔ پہلی نشست تعلیم، تمدن، تہذیب، ثقافت اور تماشا، دوسری نشست اردو فکشن کے حیرت کدے، تیسری نشست کا موضوع ’’مقام فیض کوئی راہ میں جچا ہی نہیں‘‘، چوتھی نشست حق گوئی کے وارث، پانچویں نشست تہذیب و ثقافت کی جڑیں ادب کے آئینے میں، چھٹی نشست ریل کی سیٹی، ساتویں نشست 'No fortunes to tell'، آٹھویں اور آخری نشست افتخار عارف سے اصغر ندیم سید کا مکالمہ، پر مشتمل تھی۔

نامور مصنفین، مفکرین، صحافیوں، ادیبوں اور شعراء نے مختلف موضوعات پربات چیت اور مکالموں کے تحت تہذیب و تمدن کو اجاگر کرنے کی پوری کوشش کی۔ افتخار عارف، فتح محمد ملک، ڈاکٹر شیبا عالم، آئی اے رحمان، غازی صلاح الدین، اصغر ندیم سمید، مسعود اشعر، رشید امجد، نجیبہ عارف، حمید شاہد، حارث حلیق، عکسی مفتی اور حامد میر نے فیسٹیول میں شرکت کی۔ چئیرمین شعبہ اردو پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر اور ارشد محمود ناشاد نے فیسٹیول کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔