تفتیشی افسر پر رشوت طلب کرنے کا الزام،ڈی جی نیب کو نوٹس

نیب افسر ادارے کی عزت بڑھا نہیں سکتے تو دھبہ بھی نا لگائیں، سندھ ہائیکورٹ

بدھ 17 اپریل 2019 16:01

تفتیشی افسر پر رشوت طلب کرنے کا الزام،ڈی جی نیب کو نوٹس
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے نیب کے تفتیشی افسر کے خلاف رشوت طلب کرنے کے کیس میں ڈی جی نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیاہے۔بدھ کوچیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل ڈویژنل بینچ کے روبرو نیب کے تفتیشی افسر کے خلاف رشوت طلب کرنے کے الزام سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار عمران کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تفتیشی افسر ساجد ندیم نے رات 2 بجے بلڈر کے گھر طلب کیا، بلڈر فاروق نیب افسر کا دوست ہے، وہاں اسٹیٹ ایجنٹ بھی موجود تھا، وہاں مجھ سے 10 لاکھ روپے رشوت طلب کی گئی۔ درخواست گزار نے کمرہ عدالت میں گفتگو کی ریکارڈنگ بھی سنوا دی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کچھ حیا شرم ہوتی ہے، غیرت ہو تو آدمی ڈوب ہی مرتا ہے، کچھ یہی خیال کریں کہ قومی ادارے سے تعلق ہے، عزت بڑھا نہیں سکتے تو دھبہ بھی نا لگائیں۔ عدالت نے ڈی جی نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔