نیشنل بُک فائونڈیشن کا دسواں سالانہ قومی کتاب میلہ 19اپریل کو شروع ہو گا

بدھ 17 اپریل 2019 17:31

نیشنل بُک فائونڈیشن کا دسواں سالانہ قومی کتاب میلہ 19اپریل کو شروع ہو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2019ء) وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و فنی تربیت شفقت محمود کی نگرانی میں قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے زیر اہتمام نیشنل بُک فائونڈیشن کا دسواں سالانہ سہ روزہ قومی کتاب میلہ 2019ء پاک۔چائنا فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں 19اپریل کو شام 4 بجے سے شروع ہو گا۔ افتتاحی تقریب میں ملک کی اہم قومی شخصیت کی بطور چیف گیسٹ شرکت متوقع ہے۔

گزشتہ روایات کی طرح اس بار بھی کتاب میلے میں ملک بھر سے اور بیرونِ ملک سے بک ایمبیسیڈرز (سفیرانِ کتاب)، نامورمصنفین، دانشور، فنکار، شائقینِ کتب، یونیورسٹیوں اور سکولوں کے طلباء و طالبات سمیت ہر شعبہٴ حیات سے کتاب دوست لوگ بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ اس سال میلے کا عنوان ’’کتاب تعلیمی ترقی کی ضامن‘‘ رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس تین روزہ کتاب میلے میں ملک بھر سے 180 سے زائد بُک سیلرز اور پبلشرز اسٹال لگائیں گے جہاں سے ہر عمر کے شائقینِ کتب انتہائی رعایتی قیمتوں پر اپنے پسندیدہ موضوع کی کتابیں خرید سکیں گے۔

کتاب میلے کے تینوں دن بُک ریڈنگ، علمی و ادبی موضوعات پر سیمینار، بیرونِ ملک مقیم اہلِ قلم کی فکری نشستیں، غزل، نظم، افسانے اور شاعری کے حوالہ سے مذاکرے ، علامہ اقبال کے حوالے سے خصوصی تقریب ،کتابوں کی تقریب رونمائی ، بچوں کیلئے ’’کڈز ری پبلک‘‘ میں شامل دلچسپ اور رنگا رنگ پروگرام اور بہت سے دیگر پروگرام شامل ہیں۔ میلے کے تیسرے روز پروگرام ’’بک ایمبیسیڈرز کانفرنس‘‘ کے عنوان سے ہوگا جس میں سفیرانِ کتاب میلے کے حوالے سے اپنی قیمتی تجاویز اور معاشرے میں کتاب کے کردار کے سلسلے میں این بی ایف کی کارکردگی کو مزید فعال کرنے کیلئے گفتگو کریں گے۔

متعلقہ عنوان :