قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کیلئے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ضروری ہے،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

بدھ 17 اپریل 2019 17:33

قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کیلئے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ضروری ہے، فوری اور سستے انصاف کی فراہمی سے نہ صرف ملک میں ترقی اور خوشحالی کی راہیں کھلیں گی بلکہ علاقائی اور عالمی سطح پر بھی پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا، انصاف ہر معاشر ے کی بنیادی ضرورت ہے اور جن معاشروں میں انصاف نہیں ہوتا وہ دنیا سے مٹ جاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی محتسب سیّد طاہر شہباز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملاقات کی۔ سپیکر نے کہا کہ انصاف کا حصول عوام کے بنیادی حقوق میں شامل ہے اور اس کی فوری فراہمی کو یقینی بنانا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ موجودہ دور جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے، وفاقی محتسب کے ادارے کے کام کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور کانفرنسز اور سیمینار کا انعقاد کرایا جائے۔ انہوں نے عوامی شکایات پر فوری ایکشن لینے اور انہیں جلد سے جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے وفاقی محتسب کی خدمات اور شکایات کے انداراج کیلئے عوام دوست موبائل ایپ کے استعمال کو سر اہا۔

انہوں نے عوام تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے الیکٹرونکس، پریس، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے وفاقی محتسب کو انصاف کی فراہمی کے عمل میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وفاقی محتسب سیّد طاہر شہباز نے عوامی کی فلاح و بہبود اور انصاف کی فراہمی کیلئے سپیکر کے تاثرات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ادارے کا مقصد سب کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوری اور سستے انصاف کی فراہمی سے جرائم کی شرح پر قابو پایا جا سکے گا اور ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے سپیکر کو وفاقی محتسب کے ادارے کی سال 2018ء کی رپورٹ بھی پیش کی۔