سابق کرپٹ حکومت نے پنجاب میں صاف پانی کے نام پرعوام کوکروڑوں روپوں کاٹیکہ لگایا‘یاسمین راشد

بچوں کو پیدائش کے بعد موذی بیماریوں سے بچائو کیلئے حفاظتی ٹیکوں کابروقت لگواناانتہائی اہم ہے‘صوبائی وزیر صحت

بدھ 17 اپریل 2019 19:56

سابق کرپٹ حکومت نے پنجاب میں صاف پانی کے نام پرعوام کوکروڑوں روپوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2019ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ سابقہ کرپٹ حکومت نے پنجاب میں صاف پانی کے نام پرعوام کوکروڑوں روپوں کاٹیکہ لگایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں یونیسف اورمحکمہ صحت پنجاب کے باہمی تعاون سے منعقدہ آگاہی سیشن سے بطورمہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پرڈی جی ہیلتھ سروسزپنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیر، سی اولاہورڈاکٹرآغاتوحید، ڈاکٹرشکیل اورمیڈیانمائندگان بھی موجود تھے۔ وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ مائوں کوبیماریوں سے بچاوکے متعلق آگاہی دے کرصحت مندمعاشرے کی بنیادرکھی جاسکتی ہے۔ بچوں کوپیدائش کے بعدموذی بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کابروقت لگواناانتہائی اہم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صاف پانی کے استعمال سے بچوں کوکئی خطرناک بیماریوں سے بچایاجاسکتاہے۔ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بچوں کے علاج معالجہ اورادویات بارے خصوصی ہدایات جاری کررکھی ہیں۔ مائوں میں بچوں کوخطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے آگاہی پیداکرنے میں میڈیاکوانتہائی اہم کرداراداکرناہوگا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ غیرقانونی قیمتیں بڑھانے کی اطلاع پرپنجاب بھر میں میڈیکل سٹورزاورمالکان کے خلاف سخت ایکشن لیاجائیگا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب بچوں کوپولیو، ہیپاٹائٹس، ہیضہ، نمونیا، ملیریا اورٹیٹنس کے حفاظتی ٹیکے لگانے کے علاوہ تمام اضلاع میں ادویات بروقت پہچاتاہے۔ پولیومہم کوپنجاب کے ہرگلی کوچے تک پھیلایاجارہاہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے عوام کی خدمت کرنے کی بجائے صرف اپنی جیبیں بھرکرعوام کوکروڑوں روپوں کامقروض بنایاہے۔