شعیب ملک غیر اعلانیہ نائب کپتان مقرر

اگرکسی ورلڈکپ میچ میں سرفرازکی خدمات حاصل نہ ہوئیں تو قیادت کریں گے

بدھ اپریل 20:51

شعیب ملک غیر اعلانیہ نائب کپتان مقرر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2019ء) ورلڈکپ میں شعیب ملک پاکستانی ٹیم کے غیراعلانیہ نائب کپتان ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال ورلڈکپ میں کسی کو نائب کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ نہیں کیا تاہم شعیب ملک کو غیراعلانیہ طور پر یہ ذمہ داری سونپی جائے گی، دورئہ جنوبی افریقہ میں جب سرفراز احمد پر4میچز کی پابندی عائد ہوئی تو آل رانڈر نے ہی قیادت سنبھالی تھی۔

یو اے ای میں آسٹریلیا سے سیریز میں جب سرفراز احمد کو آرام دیا گیا تب بھی شعیب ملک کو ہی کپتان مقرر کیا گیا، ابتدائی تینوں میچز میں ناکامی کے بعد وہ انجرڈ ہو گئے اور بقیہ دونوں مقابلوں میں عماد وسیم نے ذمہ داری سنبھالی۔گزشتہ دنوں بورڈ حکام نے نائب کپتان کی تقرری پر غور کیا تاہم تاحال اعلان پر اتفاق نہیں ہوا، سرفراز احمد اگر کسی وجہ سے کوئی میچ نہ کھیل پائے تو شعیب ملک قیادت کریں گے ، اس بات کا امکان کم ہے کہ جمعرات کو جب سکواڈ کا اعلان کیا جائے تو ان کے نام پر نائب کپتان درج ہو، اس سے قبل 2015کے ورلڈکپ میں بھی باضابطہ طور پر کسی کو مصباح الحق کا نائب مقرر نہیں کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بورڈ حکام مستقبل میں کسی نوجوان کرکٹر کو نائب کپتان بنا کر گروم کرنے پر غور کر رہے ہیں البتہ ورلڈکپ جیسے ایونٹ میں ضرورت پڑنے پر شعیب ملک کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائیگا۔واضح رہے کہ آل رانڈر میگا ایونٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں، وہ اپنا آخری ٹورنامنٹ عمدہ کارکردگی سے یادگار بنانا چاہتے ہیں مگر حالیہ فارم اتنی اچھی نظر نہیں آرہی۔