Live Updates

وسیم اکرم پی سی بی میں چل رہی سیاست پر برہم

دنیا ورلڈ کپ کے لیے اپنی اپنی ٹیموں کا اعلان کررہی ہے اور یہاں دوسرا ہی تماشا لگا ہے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 17 اپریل 2019 21:48

وسیم اکرم پی سی بی میں چل رہی سیاست پر برہم
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17اپریل2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اورپاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کی کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم پی سی بی میں چل رہی سیاست پر پھٹ پڑے۔ میڈیا سے گفتگو میں 52سالہ وسیم اکرم نے کوئٹہ میں پی سی بی کی گورننگ باڈی کے اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہاکہ آج پی سی بی کی میٹنگ میں جو کچھ ہوا، اس پر افسوس ہواہے،پوری دنیا ورلڈ کپ کے لیے اپنی اپنی ٹیموں کا اعلان کررہی ہے اور یہاں دوسرا ہی تماشا لگا ہے ، ساری دنیا ورلڈ کپ کی تیاری میں مصروف ہے اور شائقین کرکٹ کو پتا ہے کہ ٹیم کا اعلان کب ہوگااور ہم یہاں کسی اور ہی بحث میں لگے ہوئے ہیں۔

وسیم اکرم نے ورلڈ کپ کےلئے کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہر کھلاڑی کے لیے فٹنس ٹیسٹ کامیعار ایک جیسا ہونا چاہئے اور ایسا نہ ہو کہ فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے بھی سکواڈ کا حصہ بن جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ ڈرے ہوئے ہیں کہ اگر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بند ہو گئی تو کیا ہو گا، معلوم نہیں ایسا فیصلہ کیوں کیا جا رہا ہے، پوری دنیا میں اس کا غلط تاثر جا رہا ہے،اب یہی دیکھنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اس معاملے پر کیا ردعمل آتا ہے۔

وسیم خان کی بطور ایم ڈی پی سی بی تقرری کے حوالے سے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وسیم خان نوجوان ہے اور ان میں ٹیلنٹ بھی موجود ہے، ہمیں ان کو ایک موقع ضرور دینا چاہیے۔کرکٹ کمیٹی سے متعلق سوال پر وسیم اکرم نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کیا کرکٹ کمیٹی بھی ہے؟، مجھے تو نہیں پتا کہ کوئی کرکٹ کمیٹی بھی ہے،میں کرکٹ کمیٹی میں ہوں لیکن اس کے باوجود مجھے کچھ معلوم نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات