مقبوضہ کشمیر، نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات والے علاقوں میں مکمل ہڑتال

جمعرات 18 اپریل 2019 10:50

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات والے علاقوں میں جمعرات کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی۔ نام نہاد انتخابات کیلئے پولنگ والے اضلاع سرینگر ، گاندربل اور بڈگام میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل تھی۔

(جاری ہے)

قابض انتظامیہ نے تینوں اضلاع میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد تعینات کر رکھی تھی۔ انتظامیہ نے وسطی اور جنوبی کشمیر میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی تھی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابی ڈرامے کا مکمل بائیکاٹ کریں ۔ انہوںنے کہا کہ انتخابات کے نام پر جموں وکشمیر کے لوگوں پر ایک فوجی مشق مسلط کی جارہی ہے۔