بارشیں اور ژالہ باری پنجاب میں 2لاکھ ٹن گندم ضائع ہوگئی

حکومت کا اڑھائی کروڑ51لاکھ ٹن گندم کا ہدف پورا کرنا مشکل ہوگیا‘بلوچستان میں پھلوں کے باغات تباہ ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 اپریل 2019 11:09

بارشیں اور ژالہ باری پنجاب میں 2لاکھ ٹن گندم ضائع ہوگئی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 18 اپریل۔2019ء) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جاری شدید بارشوں کے باعث بحران کا شکار ملکی معیشت کو ایک اور سنگین صورتحال درپیش ہوگئی اور حکومت کے لیے رواں برس گندم کی پیداوار کا اڑھائی کروڑ 51 لاکھ ٹن کا ہدف پانا نا ممکن ہوتا دکھائی دے رہا ہے. موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی حصوں کو متاثر کرنے والی مغربی لہر آئندہ 12 گھنٹوں میں اس کا رخ مشرق کی طرف ہوجائے گا جس کا مطلب بارشوں کا سلسلہ ختم ہوگیا.

(جاری ہے)

3 روز سے ملک کے کئی حصوں میں جاری بارشوں، ژالہ باری اور آندھی کے نتیجے میں پنجاب کے میدانی علاقوں گندم کی فصلوں اور بلوچستان میں پھلوں کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے. حکام کے مطابق بارشوں کا یہ نظام جمعرات کو ملک سے چلا جائے گا‘اس ضمن میں محکمہ زراعت کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ صرف پنجاب میں گندم کو پہنچے والے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ 2 لاکھ ٹن سے زائد ہے.

اس کے علاوہ بارشوں کے باعث درجنوں اموات ہوئیں اور چاروں صوبوں میں متعدد مکانات کو بھی سخت نقصان پہنچا. وزیر برائے قومی تحفظ خواراک اور ریسرچ صاحبزادہ محبوب سلطان، جنہوں نے وفاقی کمیٹی برائے زراعت کے اجلاس کی سربراہی کی، نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو ان کے علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے. وفاقی وزیر کے مطابق انہیں جھنگ، خانیوال، ڈیرہ غازی خان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کی اطلاع ملی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے حکام نے بھی بارشوں کے سبب صوبے میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا.

انہوں نے کہا کہ تخمینوں کی دستیابی کے بعد ہی وزارت اس پوزیشن میں ہوگی کہ گندم کی فصل کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات بتائی جاسکیں. محکمہ ذراعت پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر انجم بھٹر نے بتایا کہ بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں 15 اضلاع میں گندم کی فصل کو نقصان پہنچا. اس سلسلے میں وفاقی وزیر نے محکمہ موسمیات کو موسم کی پیش گوئی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تا کہ کاشتکاروں کو موسم کی صورتحال کے حوالے سے الرٹ کیا جاسکے.

جس پر محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل محمد ریاض نے بتایا کہ ان کا ادارہ طوفان اور ژالہ باری کے حوالے سے بروقت پیش گوئی جاری کرتا ہے جو 90 سے 100 فیصد تک درست ہوتی ہے. نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گزشتہ چند روز میں موسم کی غضب ناک صورتحال کے نتیجے میں 50 انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور 117 گھروں کو نقصان پہنچا ہے.