کینیڈین خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزمان گرفتار

وفاقی پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال گاڑی بھی قبضے میں لے لی، خاتون نے ملزمان کو شناخت کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 18 اپریل 2019 11:18

کینیڈین خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزمان گرفتار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2019ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کینیڈین ماڈل خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال گاڑی بھی قبضے میں لے لی ہے جب کہ ملزمان حمزہ سہیل اور انس کامران کی شناخت کینیڈین خاتون کی طرف سے بھی کر دی گئی ہے۔

واقعہ کا مقدمہ تھانہ سہالہ پولیس نے 16 اپریل کو مقدمہ درج کیا تھا۔واضح رہے کینیڈین نژاد پاکستانی خاتون کو ہراساں کرنے کی شکایت وزیراعظم پورٹل کو موصول ہونے پر سہالہ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ایک کار میں سوار دو نوجوانوں نے 15 اپریل کو اس وقت خاتون کو ہراساں کرنے کی کوشش کی جب وہ ٹیکسی کا انتظار کر رہی تھی۔

(جاری ہے)

گاڑی میں سوار نوجوانوں نے دوشیزہ پر آوازیں کسیں اور جب وہ گاڑی میں بیٹھ گئی توگاڑی کے ڈرائیور کو اسے گاڑی سے اتارنے پر مجبور کیا گیا۔

اسلام آباد ایکسپریس وے پر اس کا تعاقب کیا گیا اورکہا گیا کہ اس کا گھر دیکھ کر آئیں گے جس کی وجہ سے اسے ایک شاپنگ مال کے سامنے اتر کر ان کے جانے تک انتظار کرنا پڑا۔ خاتون نے ریسکیو 15 کو اطلاع دی مگر اسے متعلقہ پولیس سٹیشن رابطہ کرنے کا مشورہ دیاگیا۔خاتون نے وزیراعظم کمپلینٹ سیل پر رابطہ کیا جس پر سیکرٹری ہیومن رائٹس نے اس کی درخواست آئی جی اسلام آباد کو بھیج دی۔

ملزموں کی ویڈیو بھی پولیس کو فراہم کی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا کہ تھانہ سہالہ کی حدود میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں دو لڑکوں نے راستہ روک کر کینیڈین خاتون کو گاڑی میں بیٹھنے کو کہا تھا۔خاتون کے مطابق ملزمان نے گاڑی کا پیچھا کیا اور مسلسل ہراساں کرتے رہے اور ڈرائیور سے بار بار منزل کا پوچھتے رہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق خاتون نے ملزمان کے ڈر سے ایک شاپنگ سینٹر میں چھپ کر جان بچائی۔آئی جی اسلام آباد نے غیر ملکی خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزمان کی 24 گھنٹوں میں گرفتاری کا حکم دیا تھا۔