سعودی شہری اپنی گاڑی شاپنگ مال میں لے کر گھُس گیا

ذرائع کے مطابق سعودی نے اس خواہش کی تکمیل کے لیے مال انتظامیہ کو بھاری رقم ادا کی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 اپریل 2019 11:45

سعودی شہری اپنی گاڑی شاپنگ مال میں لے کر گھُس گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) کہتے ہیں کہ شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا۔ بعض لوگوں کے شوق اس قدر حیران کُن ہوتے ہیں کہ وہ اس کی تکمیل کے لیے اپنی ایک ایک پائی بھی لُٹانے کو تیار ہو جاتے ہیں۔ بلکہ کئی لوگ اپنی انوکھی خواہش پُورا کرنے کے لیے اپنی جان بھی داؤ پر لگا دیتے ہیں۔ سعودی عرب میں ایک شوقین شخص نے اپنے خواہش کی تکمیل کے لیے کچھ ایسا کر دیا کہ نہ صرف لوگ حیران رہ گئے، بلکہ اس واقعے کی خبر اور ویڈیو دُنیا بھر میں وائرل ہو چکی ہے۔

ریاض کے مشہور القصر شاپنگ مال میں سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا تھا۔ اچانک وہاں موجود دُکانداروں کی حیرت کی اس وقت انتہا نہ رہی جب ایک شخص گاڑی ڈرائیور کرتا ہوا شاپنگ مال کے ایک فلور پر لے آیا۔ ایک دُکان کے سامنے گاڑی کھڑی کی اور پھر وہاں سے سامان خرید کر چلتا بنا۔

(جاری ہے)

یہ دُنیا بھر میں اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ ہے جس میں کوئی شخص اپنی گاڑی شاپنگ مال کے اندر لے آیا ہو۔

اس واقعے کی ویڈیو میں ایک شخص کو اپنی گاڑی شاپنگ مال میں ڈرائیو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس واقعے کی ویڈیو شاپنگ مال کی ایک سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے تیار کی گئی ہے۔ جو اپنے ساتھ کھڑے ایک شخص کو بتاتا ہے کہ اس شخص نے اپنی گاڑی شاپنگ مال کے اندر لانے کے لیے بھاری رقم فلور کے کرائے کی مد میں ادا کی ہے۔ تاہم یہ واقعہ کب اور کس وقت پیش آیا، اس کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔