بھارت ،طوفان نے تباہی مچادی ، ہلاک ہونے والے افراد کی تعدا د60ہوگئی

بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ،درخت اور آسمانی بجلی گرنے سے زیادہ تر اموات ہوئیں نریندر مودی کا طوفان اور غیرموسمی بارشوں کی وجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار

جمعرات 18 اپریل 2019 12:29

بھارت ،طوفان نے تباہی مچادی ، ہلاک ہونے والے افراد کی تعدا د60ہوگئی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) بھارت میں ریت اور گرج چمک کے طوفان نے تباہی مچادی ، مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعدا د60ہوگئی، بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا ،متاثرہ علاقوں میں طوفان کے باعث درخت اور آسمانی بجلی گرنے سے زیادہ تر اموات ہوئیں۔۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں طوفانی موسم نے بھارت کے مغربی،وسطی اور شمالی حصے میں تباہی مچائی،متاثرہ علاقوں میں طوفان کے باعث درخت اور آسمانی بجلی گرنے سے زیادہ تر اموات ہوئیں۔

ریاست راجستھان اور مدھیہ پردیش کے علاقے طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔راجستھان میں 25،مدھیہ پردیش میں 21 ،گجرات میں 10 اور مہاراشٹر میں 7 ہلاکتیں ہوئیں۔طوفان اور بارشوں کے تازہ لہر کے بعد متاثرہ ریاستوں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ، ریسکیو اداروں کو متحرک کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بارشوں اور گرد آلود طوفان کے نتیجے میں گجرات کے اضلاع احمدآباد، راج کوٹ، بانسکنتھا، پٹن، مہسانا، سبرکنتھا اور آنند شدید متاثر ہوئے ہیں۔

موسلادھار باش اور طوفان کے نتیجے میں مذکورہ علاقوں کی فصلیں تباہ ہوگئیں، اس کے ساتھ ہی مقامی مارکیٹ بھیجے جانے والی سبزیاں خراب ہونے سے سبزی فروشوں کا بھی بہت نقصان ہوا ۔انڈیا میٹیرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی ) نے گجرات کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔موسم کی صورتحال کے باعث سبرکنتھا میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی مٹی کے طوفان کی وجہ سے ٹینٹ اکھڑنے کی وجہ سے منسوخ کردی گئی۔

محکمہ موسمیات نے مدھیا پردیش کے علاقوں نیموچ، مندسور، راج گڑھ،شاجاپور، بھوپال، ودیشا، اشوک نگر سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ہماچل پردیش میں طوفان کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ طوفان کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں نریندر مودی نے گجرات کے مختلف علاقوں میں طوفان اور غیرموسمی بارشوں کی وجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکام حالات کا جائزہ لے رہے ہیں، متاثرین کی ہرممکن مدد کی جارہی ہے۔نریندر مودی نے ٹوئٹ میں کہا کہ پرائم منسٹر قومی ریلیف فنڈ سے مدھیا پردیش، راجھستان، منی پور اور ملک کے دیگر علاقوں میں طوفان اور غیر موسمی بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کیلئے فی کس 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے فی کس 50 ہزار روپے امداد کی منظوری دی گئی ہے۔بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ٹوئٹ میں طوفان سے بارش کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے غم کا اظہار کیا۔