جعلی اکاﺅنٹس کیس:انور مجید خاندان کی2خواتین کے بیرون ملک سفر پر عائد پابندی ختم

نور نمر مجید اور سارہ ترین مجید نے پابندی کے خاتمے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 اپریل 2019 11:53

جعلی اکاﺅنٹس کیس:انور مجید خاندان کی2خواتین کے بیرون ملک سفر پر عائد ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 18 اپریل۔2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر جعلی بینک اکاﺅنٹس میں گرفتار اومنی گروپ کے مالک انور مجید کے خاندان کی 2 خواتین کے بیرون ملک سفر پر عائد کی گئی پابندی ختم کردی گئی. اسلام آباد ہائی کورٹ نے نور نمر مجید اور سارہ ترین مجید کی جانب سے عدالتی حکم کے خلاف ان کے بیرون ملک سفر پر عائد کی گئی پابندی کی درخواست پر سماعت کی.

عدالت نے وزارت داخلہ کو جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کے مشتبہ ملزم انور مجید کے خاندان سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کے بیرون ملک سفر عائد کی گئی پابندیاں ہٹانے کا حکم دیا تھا.

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے کی گئی سماعت میں جسٹس عامر فاروق نے عدالتی حکم کی تعمیل نہ ہونے پر وزارت داخلہ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے حکام کو طلب کیا تھا. ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ دونوں درخواست گزاران کے نام عبوری قومی شناختی فہرست میں درج تھے لیکن اب عدالتی حکم کی روشنی میں ان کے نام فہرست سے ہٹادیے گئے ہیں.

انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس وقت درخواست گزاران پر کوئی پابندی عائد نہیں اور وہ بیرون ملک سفر کرسکتی ہیں‘بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست نمٹادی. درخواست گزاران نے ایف آئی اے کی جانب سے نور نمر مجید کو کراچی ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روکنے کے بعد پابندی ہٹانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا. درخواست گزاران کے وکیل راجا رضوان عباس نے کہا کہ ایف آئی اے حکام نے نور نمر مجید کو جناح انٹرنیشنل پر فلائٹ بورڈنگ سے روک دیا گیا تھا اور بتایا تھا کہ اہلخانہ کے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ہونے کی وجہ سے انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں.

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل کی گئی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کے بعد ایف آئی اے نے انور مجید کے خاندان کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی تھی.