Live Updates

آخر کار حکام کو بی آر ٹی انڈر پاس پر موجود پائپ کو ہٹانے کا خیال آ ہی گیا

اس انڈر پاس پر موجود پائپ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے گئے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 اپریل 2019 12:13

آخر کار حکام کو بی آر ٹی انڈر پاس پر موجود پائپ کو ہٹانے کا خیال آ ہی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) گزشتہ دِنوں ایک خبر نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بھی بن گئی تھی۔ یہ خبر بی آر ٹی کے انڈر پاس میں موجود سوئی گیس کے ایک بڑے پائپ کی تھی جس کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والے افراد کو جھُک کر گزرنا پڑ رہا تھا۔ اس خبر پر سوشل میڈیا پر سینکڑوں چٹکلے بنائے گئے اور اس حوالے سے تحریک انصاف کی قیادت کو بھی خوب رگیدا گیا۔

چند دِنوں تک اس معاملے پر چُپ سادھے رکھنے کے بعد بالآخر انتظامیہ حرکت میں آ ہی گئی ہے۔ محکمہ سوئی ناردن گیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ہشت نگری میں قائم بی آر ٹی کے انڈر پاس پر لوگوں کے لیے زحمت کا باعث بننے والے بارہ انچ اور آٹھ انچ کی مین پائپ لائنوں کی منتقلی کا کام شروع کر دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

گیس حکام نے عوام کو مطلع کیا ہے کہ سوئی گیس کے مین پائپ کی منتقلی کے باعث رات سے لے کر صبح 5 بجے تک جی ٹی روڈ پر ترناب سے جناح پارک اور اندرون پشاور شہر میں گیس کی فراہمی متاثر ہو گی۔

سوئی گیس محکمہ کے ترجمان کے مطابق پائپ لائن کی منتقلی کے باعث گلبہار، نشتر آباد، ہشت نگری، پشاور کینٹ ، خیبرروڈ، نوتھیہ، گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس سمیت رنگ روڈکے ملحقہ علاقوں میں بھی سوئی گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔ترجمان کی جانب سے صارفین اور انڈسٹریز سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کام کی تکمیل تک تمام سوئی گیس کے آلات بند رکھیں تاکہ کوئی سانحہ رو نما نہ ہو۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات