ایران میں سیلاب متاثرین کے لیے سعودی عرب اور امارات کی امداد

اماراتی ہلال احمر کی طرف سے 95 ٹن امدادی سامان لے کر ایک طیارہ تہران پہنچا

جمعرات 18 اپریل 2019 12:40

ایران میں سیلاب متاثرین کے لیے سعودی عرب اور امارات کی امداد
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرف سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت ایران میں سیلاب متاثرین کے لیے خوراک اوردیگر سامان کی شکل میں امداد فراہم کی گئی ہے۔متحدہ عرب امارات کے سرکاری امدادی ادارے ہلال احمر کی طرف سے سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ ریلیف پروگرام کے تحت امدادی سامان سے لدا ہوائی جہاز ایران بھیجا گیا۔

اماراتی ہلال احمر کی طرف سے 95 ٹن امدادی سامان لے کر ایک طیارہ تہران پہنچا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اس امدادی پروگرام کا مقصد ایران میں حالیہ ایام میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں متاثرہ شہریوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کو یقینی بنانا ہے۔امدادی سامان میں کھانے کی اشیاء خیمے اور کپڑے شامل ہیں۔ اماراتی ہلال احمر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران بھیجے جانے والے امدادی طیارے میں سعودی عرب کی طرف سے بھی امدادی سامان فراہم کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ ایران میں حالیہ ایام میں ہونے والی بارشوں سے ملک میں سیلاب کا پندرہ سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ مارچ اور اپریل کے اوائل میں سیلاب کے باعث 75 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔