بھارتی ریسٹورنٹ کو مضر صحت خوراک بیچنے پر بند کر دیا گیا

ریسٹورنٹ کی انتظامیہ کو اس سے قبل بھی کئی بار وارننگ دی گئی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 اپریل 2019 12:42

بھارتی ریسٹورنٹ کو مضر صحت خوراک بیچنے پر بند کر دیا گیا
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) ابوظہبی میں موجود ایک بھارتی ریسٹورنٹ کو حفظانِ صحت کی اصولوں کی خلاف ورزی اور مضر صحت خوراک بیچنے پر بند کر دیا گیا۔ ابو ظہبی فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مصفّہ کے علاقے میں واقع Midin ریسٹورنٹ جو ایک ہندوستانی شہری کی ملکیت تھا، اُسے ناقص خوراک بیچنے اور صفائی کا مناسب خیال نہ رکھنے کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ اس سے قبل بھی اس ریسٹورنٹ کی انتظامیہ کی غیر معیاری خوراک بیچنے اور صفائی کے ناقص نتظامات پر سرزنش کی گئی تھی،مگر انتظامیہ کے کانوں پر جُوں تک نہ رینگی۔ ریسٹورنٹ میں جراثیم اور کیڑوں کی تلفی کے لیے بھی مؤثر انتظامات نہیں کیے جا رہے تھے۔ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان ظامر رشید القاسمی نے بتایا کہ ریسٹورنٹ میں خوراک ایک ایسے کمرے میں رکھی گئی تھی جس کا درجہ حرارت اس سٹوریج کے لیے قطعاً غیر موزوں تھا، جبکہ سبزیاں کھُلی پڑی ہوئی تھیں، جن پر کیڑے رینگتے دکھائی دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

ریسٹورنٹ کی انتظامیہ کو گزشتہ سال دو وارننگ جاری کی گئی تھیں جبکہ دو وارننگ اس سال فروری اور مارچ کے مہینے میں بھی دی گئیں، مگر انتظامیہ اپنے ہاں صفائی سُتھرائی کے انتظامات اور خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ٹس سے مس نہ ہوئی۔ جس کے باعث عوام کی صحت کو نقصان سے بچانے کے خاطر اس ریسٹورنٹ کی بندش کا فیصلہ کیا گیا۔ القاسمی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی فوڈ پوائنٹ پر اگر حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی نوٹ کریں تو اس کی اطلاع فوری طور پرفوڈ اتھارٹی کو دیں۔

متعلقہ عنوان :