حیات آباد آپریشن میں مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی

3 کا تعلق خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع جبکہ ایک افغان شہری تھا. حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 اپریل 2019 13:08

حیات آباد آپریشن میں مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 18 اپریل۔2019ء) پشاور کے علاقے حیات آباد میں سیکورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں ملوث 4 دہشت گردوں کی شناخت کرلی گئی ہے. خیال رہے کہ حیات آباد کے علاقے میں ایک مکان میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد 15 اپریل کی رات اور دیگر 4 دہشت گرد 16 اپریل کو مارے گئے تھے جبکہ اس دوران ایک پولیس اہلکار بھی شہید ہوگیا تھا.

رپورٹ کے مطابق سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ تفتیش کار 4 حملہ آوروں کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوگئے جن میں سے 3 کا تعلق خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع سے ہے جبکہ ان میں سے ایک افغان شہری تھا.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس کا محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) حادثے کی تحقیقات کررہا ہے‘کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے بذریعہ ای میل دعویٰ کیا تھا کہ ان کے 6 کارکن سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ مقابلے میں ملوث تھے.

پولیس نے خفیہ آپریشن کے تحت پشاور کے علاقے حیات آباد کے ای سیکٹر فیز 7 میں واقع گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس کے بعد 15 اپریل کو شام ساڑھے 7 پر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا تھا. دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر شہید اور ابتدائی طور پر ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا تھا جبک مقابلہ 16 اپریل تک جاری رہی تھی. آپریشن میں پولیس ،فوج کے اسپیشل سروسز گروپ اور 102 بریگیڈ نے حصہ لیا تھا‘مزید برآں پولیس کے ایک وفد نے حیات آباد کا دورہ کیا اور آپریشن کے دوران صبر اور تعاون کرنے پر علاقہ مکینوں کا شکریہ ادا کیا تھا. کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے بذریعہ ای میل دعویٰ کیا تھا کہ ان کے 6 کارکن سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ مقابلے میں ملوث تھے.