محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر نے بیٹے کو سرکاری سکول میں داخل کرا دیا

جمعرات 18 اپریل 2019 13:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حافظ محمد ابراہیم نے اپنے بیٹے کو سرکاری سکول میں داخل کروا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ ابراہیم نے اپنے بیٹے محمد طلحہ کو دیر کے علاقے ثمر باغ کے ایک نجی سکول سے نکال کر سرکاری سکول دامتل دیر میں داخل کرا دیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹرایجوکیشن ڈاکٹرحافظ محمدابراہیم نے کہاکہ والدین کا سرکاری سکولوں پر اعتماد بڑھانے کے لیے یہ قدم اٹھایاہے، مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیا اللہ بنگش نے بھی کچھ سال قبل اپنی بیٹی کو سرکاری سکول میں داخل کرایا تھا۔ڈائریکٹرتعلیم نے کہاکہ بطور ڈائریکٹر میرا فرض تھا کہ محکمہ تعلیم میں اس اقدام میں پہل کروں، تمام اساتذہ اور تعلیمی افسران سے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ہم سب اس ایجوکشن سسٹم کا حصہ ہیں، ہمارے بچے بھی سرکاری سکولوں میں ہی پڑھیں تو ایسے ہی یہ تعلیمی نظام مزید بہتر ہو گا،خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں کا نظام اب پہلے سے بہتر ہے اور تعلیمی شعبے میں اصلاحات سے کافی تبدیلی آئی ہے۔