Live Updates

حکومت کا پناہ گاہوں میں مفت سحری اور افطاری کے اہتمام کا اعلان

سرکاری پناہ گاہوں میں سحری و افطاری کا بندوبست حکومت کی طرف سے دئیے گئے رمضان پیکج کے تحت ہو گا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 18 اپریل 2019 13:32

حکومت کا پناہ گاہوں میں مفت سحری اور افطاری کے اہتمام کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) حکومت نے پناہ گاہوں میں مفت سحری اور افطاری کے اہتمام کا اعلان کر دیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ رمضان پیکج میں 19 اشیاء عوام کو سستے داموں پر دی جائیں گی۔۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ رمضان پیکج کو وزراء کی پانچ رکنی کیمٹی سپروائز کرے گی انہوں نے مزید کہا کہ پناہ گاہوں میں بھی مفت سحری و افطاری کا بندوبست ہو گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ا س پیکیج کے جاری کرنے کا مقصد رمضان المبارک کے دوران غریب عوام تک بنیادی اشیائے خورد و نوش کی رسائی ہے، تاکہ اُنہیں فائدہ ہو سکے۔ شیخ رشید نے بتایا کہ اس رمضان پیکیج کی منظوری وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد وفاقی کابینہ کی جانب سے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دو ارب روپے کے اس رمضان پیکیج میں 19 اشیاء شامل ہوں، جبکہ سرکاری پناہ گاہوں میں سحری و افطاری کا بندوبست بھی اس پیکیج میں مختص رقم کے ذریعے کیا جائے گا۔

خیال رہے زیراعظم عمران خان نے لاہور میں کھلے آسمان تلے رات بسر کرنے والوں کے لئے پناہ گاہ کے قیام کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تو غریب عوام کی طرف سے انہیں دعائیں ملنے لگ گئیں جب کہ مخیر حضرات نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔جب کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر عارضی مسافر خانے آباد ہوگئےتھے۔مسافروں کی بریانی اور چکن کڑاہی سے تواضع کی گئی، صبح کا ناشتہ لاہوری نان چنے اور چائے سے کیا گیا، ضلعی انتظامیہ اور سوشل ویلفیئرز ڈیپارٹمنٹ نے انتظامات کیے جب کہ مسافر بغیر کچھ خرچ کیے صاف بستر اور کھانا ملنے پر خوش ہیں۔

عارضی مسافر خانوں میں 200 سے زائد افراد کی گنجائش ہے، مجموعی طور پر 5 مسافر خانوں میں 138 افراد نے قیام کیا، داتا دربار کے پاس قائم عارضی مسافر خانے میں 40، ریلوے اسٹیشن میں 44، بادامی باغ میں 20، ٹھوکرنیاز بیگ 20 اور لاری اڈہ پر 14 مسافروں نے رات بسر کی۔وزیراعظم عمران خان نے بے گھر افراد کیلئے پناہ گاہوں کی تعمیر کا انتظار کرنے کی بجائے فوری طور پر بے گھر افراد کیلئے شامیانے لگانے کا بھی حکم دیا تھا۔اور پناہ گاہوں میں موجود افراد کے لیے رمضان میں مفت سحری و افطاری کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات