ساہیوال اور سیالکوٹ کوسمارٹ سٹی بنانے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ پر کام آئندہ ماہ شروع کیا جائے گا، وزیر قانون و بلدیات پنجاب

جمعرات اپریل 13:54

ساہیوال اور سیالکوٹ کوسمارٹ سٹی بنانے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ پر کام آئندہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) صوبائی وزیر قانون وبلدیات راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب کے دیہی اور محروم علاقوں کی ترقی پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے، وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ میں محکمہ بلدیات کی پبلک سیکٹر کمپنیوں پر بریفنگ لیتے ہو ئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری بلدیات اور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ساہیوال اور سیالکوٹ کوعالمی بینک کے تعاون سے سمارٹ سٹی بنانے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ پر کام آئندہ ماہ سے شروع کر دیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں سرگودھا، بہاولپور، رحیم یار خان، مظفر گڑھ اور ڈی جی خان میں سمارٹ سٹی پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے 16 شہروں میں پنجاب اربن ریفارمز روڈمیپ کے تحت موجودہ ترقیاتی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے گا اوربلدیاتی اداروں کوخودکفیل بنانے کیلئے ذرائع آمدن بڑھانے پر بھی زور دیا جائے گا جبکہ پنجاب کے بڑے شہروں میں جدید مویشی منڈیاں قائم کرنے پر غور جاری ہے ۔