پارلیمنٹ ہائوس کے پارکنگ ایریا میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

حکومت پاکستان میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

جمعرات اپریل 14:03

پارلیمنٹ ہائوس کے پارکنگ ایریا میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامناہے، موجودہ حکومت پاکستان میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے پارکنگ ایریا میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

یہ واٹر فلٹریشن پلانٹ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے پارلیمنٹ ہائوس میں نصب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پانی ہماری روز مرہ زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور پینے کا صاف پانی انسانی صحت کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پینے کے لئے صاف پانی فراہم کرنا ایک عظیم کارِ خیر ہے، لوگوں کی خدمت کرنے سے الله تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کے باعث دنیا میں ہر سال ہزاروں افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوکر جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ ملک کو اس وقت پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے اور موجودہ حکومت پاکستان میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پارلیمنٹ ہائوس کی طرح دیگر سرکاری عمارتوں میں بھی صاف پانی کے فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔ سپیکر نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے بعد ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور امن کے لئے دعا کی۔