چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی فاؤنڈر پینل کو پارلیمینٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

جمہوریت کے فروغ اور اداروں کی مضبوطی کیلئے میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے، محمد صادق سنجرانی

جمعرات 18 اپریل 2019 14:54

چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی فاؤنڈر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پارلیمینٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات کے نتیجے میں کامیاب ہونے والے فاؤنڈر پینل کے صدر بہزاد سلیمی، نائب صدر سہیل خان، جنرل سیکرٹری ایم بی سومرو ،جوائنٹ سیکرٹری صائمہ ملک، فنانس سیکریٹری انتظار حیدری، اطلاعات سیکرٹری علی شیر کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے پی آر اے کے نو منتخب عہدیداران جن میں رانا احمد طلال، نوشین یوسف، زاہد یعقوب خواجہ، رضوان ڈھلوں، عاطف شیرازی، عاصم یاسین، نادر گرمانی، جاوید الرحمان اور ذیشان شمسی شامل ہیں، کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے جو نہ صرف ملکی و غیر ملکی حالات و واقعات کو اجاگر کرتا ہے بلکہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت اور اپوزیشن کی رہنمائی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پی آر اے کی نو منتخب قیادت پارلیمان اور صحافت کے مابین روابط کو مزید مربوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت جدید دور کی اہم ضرورت بن چکا ہے، پاکستان آزاد میڈیا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور آزادی صحافت کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جارہا ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ میڈیا عوام میں بنیادی حقوق کی فراہمی اور معاشرتی رویوں میں بہتری اور مسائل کے حل کیلئے معاون ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو مضبوط بنانے اور آزادی صحافت کے فروغ کیلئے پارلیمنٹ کا کردار قابل تحسین ہے۔ پارلیمان کے دونوں ایوانوں اور ان کی قائمہ کمیٹیوں میں ملک بھر کے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ اور اداروں کی مضبوطی کیلئے میڈیا نے جو کردارادا کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابی عمل کا دورہ کیا اور صحافیوں کے اعزاز میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ظہرانہ بھی دیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے بھی پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے کامیاب عہدیدران کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیدران صحافیوں کے مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کر کے متعلقہ فورم سے حل کیلئے معاون ثابت ہوں گے۔