متحدہ عرب امارات میں رمضان کے دوران اوقاتِ کار کا اعلان کر دیا گیا

میونسپلٹی کی جانب سے اوقاتِ کار اور حفظانِ صحت سے متعلق دو نوٹسزجاری کیے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات اپریل 14:18

متحدہ عرب امارات میں رمضان کے دوران اوقاتِ کار کا اعلان کر دیا گیا
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) شارجہ میونسپلٹی کی جانب سے رمضان المبارک کی مناسبت سے دو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں جو اس مقدس ماہ کے دوران دفاتر میں اوقاتِ کار اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی سے متعلق ہیں۔ پہلے نوٹس میں میونسپلٹی کی جانب سے ورکشاپس اور کاروباری مراکز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اوقاتِ کار میں توسیع اورکاروبار کے وقت کے آغاز سے متعلق پرمٹس کے حصول کے لیے درخواستیں دینا شروع کر دیں۔

اوقاتِ کار میں توسیع سے متعلق یہ پرمٹ یکم رمضان المبارک سے لے کر عید الفطر کے تیسرے روز تک کارآمد ہو گا۔ تاہم ریسٹورنٹس، کیفے ٹیریاز اور بیکریوں کو اس پرمٹ کے حصول سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ میونسپلٹیز نے واضح کیا ہے کہ متعلقہ ادارے رمضان کے آغاز سے قبل ہی پرمٹس حاصل کر لیں۔

(جاری ہے)

اس پرمٹ کے حصول کے لیے متعلقہ ادارے انڈسٹریل ایریا 5 میں واقع میونسپل انسپکشن اینڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کر سکتے ہیں جبکہ آن لائن طریقے سے پرمٹ کے حصول کے لیے ویب سائٹ www.shjmun.gove.ae پر وِزٹ کرنا ہو گا۔

اگر کسی تجارتی مرکز یا ادارے کو اس حوالے سے مزید تفصیلات درکار ہیں تو 06-5931515 پر بھی کال کی جا سکتی ہے۔ جبکہ میونسپلٹی کے فوڈ کنٹرول سیکشن کی جانب سے سُپر سٹورز کو جاری کردہ نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اشیائے خورد و نوش کی رمضان کے دوران طلب میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے تجارتی مراکز پر موجود فوڈ آئٹمز کی گنتی بڑھا دیں تاکہ کسی شے کی قلت پیدا نہ ہو۔ جبکہ تمام غذائی اشیاء کو مخصوص درجہ حرارت پر رکھا جائے۔ کوئی بھی فوڈ آئٹم سٹورزکو احاطے سے باہر رکھنے کی قطعاً ممانعت ہو گی۔