پی سی بی نے بغاوت کرنےوالے گورننگ بورڈ رکن پر پابندی لگا دی

نعمان بٹ اب گورننگ بورڈ کے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتے: پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 18 اپریل 2019 14:39

پی سی بی نے بغاوت کرنےوالے گورننگ بورڈ رکن پر پابندی لگا دی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18اپریل2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے بغاوت کرنے والے گورننگ بورڈ کے رکن نعمان بٹ پر پابندی عائد کردی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز گورننگ بورڈ اجلاس میں بغاوت کرنے والے بورڈ کے رکن اور سیالکوٹ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نعمان بٹ پر پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد اب وہ کسی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق نعمان بٹ مس کنڈیکٹ کے مرتکب قرار پائے، پی سی بی کو نعمان بٹ کے خلاف مس کنڈیکٹ کی درخواست خود بورڈ کے رکن نے دی جس پر کارروائی کی گئی لہذا نعمان بٹ اب گورننگ بورڈ کے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتے،چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے نعمان بٹ کے خلاف شکایت آزادانہ ایڈجو ڈیکیٹر جسٹس (ر) فضل میران چوہان کو بھیج دی ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کوئٹہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا 53 واں اجلاس اس وقت ہنگامی صورت حال کا شکار ہوا جب گورننگ بورڈ کے 7 میں سے 5 ارکان نعمان بٹ، شاہ ریز روکڑی، کبیر خان، شاہ دوست اور ایاز خان نے اجلاس میں پیش کیے جانے والا ایجنڈا مکمل طور پر مسترد کردیا۔

ان پانچوں اراکین نے بورڈ کا اجلاس 30 اپریل کو لاہور میں بلانےکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق 4 ریجنز اور4 محکموں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے،اراکین نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کے پی سی بی کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے ایم ڈی وسیم خان کی تقرری کو بھی چیلنج کردیا اور چیئرمین احسان مانی کی جانب سے وسیم خان کے اختیارات سے متعلق ایجنڈا پیش کر نے سے قبل ہی ماننے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق گورننگ بورڈ اجلاس میں 5 ارکان کا بورڈ کے ایجنڈے کو ماننے سے صاف انکار کا مطلب احسان مانی کےخلاف عدم اعتماد کے مترادف ہے۔پی سی بی گورننگ بورڈ میں یہ پہلا موقع ہے ،جب بورڈ اراکین چیئرمین پی سی بی کے فیصلوں کے آگے ڈٹے ہیں اور انہوں نے احسان مانی کے تمام فیصلے تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق ماضی میں ربڑ سٹیمپ کی حیثیت رکھنے والے ریجنز کے سربراہ اپنی کرسیاں ہلتی دیکھ کر پی سی بی کے سامنے ڈٹ گئے ہیں،پی سی بی سے ملنے والی گرانٹ سے اپنے ریجنز میں گراس روٹ لیول پر کام نہ کرنے والے ریجنز اب کرکٹ بورڈ کو نچلی سطح پر کام کرنے اور بہتری لانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔