Live Updates

اسد عمر کا وزارت اور وفاقی کابینہ چھوڑنے کا فیصلہ

وزیراعظم چاہتے ہیں میں وزارت توانائی لے لوں لیکن میں نے انکار کردیا. اسد عمر کا ٹوئٹرپر پغام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 اپریل 2019 14:48

اسد عمر کا وزارت اور وفاقی کابینہ چھوڑنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 18 اپریل۔2019ء) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے وفاقی کابینہ کا حصہ بھی نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے. اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کابینہ میں ردوبدل کے نتیجے میں چاہتے ہیں کہ میں وزارت خزانہ کی جگہ توانائی کا قلمدان سنبھال لوں لیکن میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہیں لوں گا.

انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ عمران خان پاکستان کی واحد امید ہیں اور انشااللہ نیا پاکستان ضرور بنے گا.

(جاری ہے)

جمعرات کو وزیرخزانہ اسدعمرنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ وزارت خزانہ چھوڑ دوں،وزیراعظم چاہتے ہیں میں وزارت توانائی لے لوں لیکن میں نے انکار کردیا. اسد عمر نے کہا کہ انشاءاللہ وزیراعظم نیا پاکستان بنائیں گے،میرا پختہ ایمان ہے کہ عمران خان پاکستان کیلئے بہترین امیدوار ہیں.

واضح رہے کہ ”اردوپوائنٹ“نے 15اپریل کو خبردی تھی کہ وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کرنا چاہتے ہیں اور اسد عمرکو وزارت خزانہ سے ہٹا کر وزارت پٹرولیم جبکہ وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی کی جگہ اعجاز شاہ کو ذمے داریاں دینے کا فیصلہ کیا گیاہے. اسدعمرکو وزارت خزانہ سے ہٹا کر وزارت پٹرولیم دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزارت خزانہ کیلئے ٹیکنو کریٹ مشیر تعینات کئے جانے کا امکان ہے جبکہ وزارت کا قلمدان وزیراعظم اپنے پاس رکھیں گے.

اسی طرح وزیر مملکت داخلہ شہریارآفریدی کی جگہ اعجاز شاہ کو ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ متوقع ہے جبکہ چیئرمین ایف بی آرکوعہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے. اسی روز وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا. وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان خبروں کی تردید کی تھی‘ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیروںکے قلمدان تبدیل کیے جانے کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں، وزراءکی تبدیلی وزیر اعظم کا صوابدیدی اختیار ہے اور میڈیا اس ضمن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے.

انہوں نے مزید لکھا تھا کہ اس وقت پاکستان اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور اس نوعیت کی قیاس آرائیوں سے ہیجان جنم لیتا ہے، جو ملک کے مفاد میں نہیں. اسی طرح وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے بھی اس قسم کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں. انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم ہر اجلاس کے بعد وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں اور وزارتوں کی تبدیلی کے حوالے سے چلنے والی خبریں من گھڑت ہیں. جبکہ آج وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر خود 15اپریل کو سامنے آنے والی خبروں کی تصدیق کردی ہے.
اسد عمر کا وزارت اور وفاقی کابینہ چھوڑنے کا فیصلہ
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات