بھارت سے آئے سکھ یاتری ننکانہ صاحب سے لاہور پہنچ گئے

جمعرات 18 اپریل 2019 16:56

بھارت سے آئے سکھ یاتری ننکانہ صاحب سے لاہور پہنچ گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) بھارت سے آئے سکھ یاتری پارٹی لیڈر سردارہرویندر سنگھ سرنا کی قیادت میں ننکانہ صاحب سے لاہور پہنچ گئے۔ لاہور ریلوے سٹیشن پہنچنے پر سیکرٹری بورڈ طارق وزیر، ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل، پی آر او عامر حسین ہاشمی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراز عباس نے یاتریوں کا پر تپاک استقبال کیا۔ یاتریوں کو مختلف ٹرینوں کے ذریعے لاہور پہنچایا گیاجبکہ بورڈ کا سکیورٹی عملہ و دیگر افسران یاتریوں کے ہمراہ تھے۔

اس مو قع پر حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور ریلوے سٹیشن پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔ یاتریوں کو ریلوے سٹیشن سے خصوصی بسوں کے ذریعے سخت سیکورٹی میں گوردوارہ ڈیرہ صاحب پہنچایا گیا جہاں پر یاتریوں نے حکومت پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سکھ یاتری مرد و خواتین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان یاترا کے دوران ہمیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کی گئیںہیں ۔متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستانی عوام مہمان نواز اور محبتیںبانٹنے والے ہیں ۔یاد رہے سکھ یاتری بذریعہ سپیشل ٹرین واہگہ بارڈر کے راستے 12اپریل کو پاکستان آئے تھے جہاں پر پاکستان سکھ گورداورہ پر بندھک کمیٹی کے ممبران اور متروکہ وقف املا ک بورڈ کے حکام نے انکا استقبال کیا تھا۔