پیپلزپارٹی واحد نظریاتی جماعت ہے،اسلامی سربراہی کانفرنس پاکستان کا ایٹمی پروگرام 73کا متفقہ آئین بھٹو شہید کے کارنامے ہیں ،چوہدری محمد یاسین

سیاسی فیصلے سیاسی میدان میں ہونے چاہیے ،سیاسی فیصلوں کیلئے عدالتوں کا رخ کرنا خود سیاستدانوں کیلئے درست نہیں،اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی

جمعرات 18 اپریل 2019 17:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ ایک ڈکٹیٹر نے ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کروایا جسکا اعتراف ریٹائرڈ جسٹس نسیم حسن شاہ نے خود کیا بھٹو نے اسلامی دنیا کیلئے جو کارنامے سرانجام دیئے وہ تاریخ کا حصہ بن گئے ہیں۔اسلامی سربراہی کانفرنس پاکستان کا ایٹمی پروگرام 73کا متفقہ آئین بھٹو شہید کے کارنامے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ایف کے نو منتخب چیئرمین جنید عارف مغل ودیگر عہدیداران کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سابق ڈویژنل صدر سید مجاز شاہ سابق جنرل سیکرٹری ذوالفقار وانی راجہ سعد اقبال، امجد مغل،ماجد نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

لیڈر آف دی اپوزیشن نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے وزیر خارجہ کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کو پالیسی کا محور بنایا اور پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی جو پیپلزپارٹی کے منشور کا بھی اہم جزو ہے پاکستان پیپلزپارٹی واحد نظریاتی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایف جماعت کا ہر اول دستہ اور پارٹی کی طاقت ہے پی ایس ایف نظریہ بھٹو کو لیکر چلے اور بھٹو کے نظریات وافکار کو ہر آدمی تک پہنچائے۔انہوں نے کہا کہ کو چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف انتقامی احتساب بند کیا جائے تاریخ گواہ ہے کہ پیپلزپارٹی کو جتنا دبانے کی کوشش کی گئی پارٹی اتناہی ابھر کر سامنے آئی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی فیصلے سیاسی میدان میں ہونے چاہیے لیکن سیاسی فیصلوں کیلئے عدالتوں کا رخ کرنا خود سیاستدانوں کیلئے درست نہیں۔تقریب سے پی ایس ایف کے چیئرمین جنید مغل نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین نے بلوجستان میں کوسٹر ہائی وے پر14افراد کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشتگردوں نے نہتے مسافروں کو قتل کر کے بربریت کی انتہاء کر دی ہے۔دہشتگردی کا یہ واقعہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی گھنائونی شازش ہے۔جسے عوام مل کر ناکام بنا دینگے۔