پاک چین اقتصادی راہداری نے پاکستان کو عالمی تجارت و سرمایہ کاری کے لئے اہم مقام بنا دیا ہے،

حکومت سماجی و اقتصادی ترقی کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی این ڈی یو کے زیر اہتمام بین الاقوامی سی پیک ورکشاپ کے وفد سے گفتگو

جمعرات 18 اپریل 2019 17:25

پاک چین اقتصادی راہداری نے پاکستان کو عالمی تجارت و سرمایہ کاری کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری نے پاکستان کو عالمی تجارت و سرمایہ کاری کے لئے اہم مقام بنا دیا ہے، حکومت سماجی و اقتصادی ترقی کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے یہ بات این ڈی یو کے زیر اہتمام بین الاقوامی سی پیک ورکشاپ کے وفد سے جمعرات کو ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صدر نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کا قیام سی پیک کے دوسرے مرحلے یعنی صنعتی تعاون کا اہم جزو ہے جس کے لئے سرکاری و نجی اشتراک کار میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے خصوصی اقتصادی زونز کے لئے ہنر مند انسانی وسائل اور پاکستان میں سی پیک کی حامل صنعتی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ صدر نے کہا کہ دس برسوں میں کم و بیش 10 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

(جاری ہے)

ہماری افرادی قوت کو اس ضمن میں تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ خطے میں سی پیک اور بیلٹ روڈ اقدام سے رونما ہونے والی پیش ہائے رفت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کانفرنسیں اور ورکشاپس پیدا ہونے والے مواقع اور چیلنجز پر غور اور ان کی تیاری کا پلیٹ فارم مہیاء کرتے ہیں۔ صدر نے سی پیک ورکشاپ کے انعقاد پر این ڈی یو کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں ان کی کاوشوں کے لئے اپنی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔