Live Updates

شیریں مزاری نے اسدعمر کے استعفے پرلاعلمی کا اظہار کردیا

اسد عمر کا ٹویٹ فوٹو شاپ لگتی ہے، اسد عمر کیوں استعفیٰ دیں گے۔ وفاقی وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری کی اسد عمر کے وزارت چھوڑنے پر اظہارتشویش

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 اپریل 2019 17:03

شیریں مزاری نے اسدعمر کے استعفے پرلاعلمی کا اظہار کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) وفاقی وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری نے اسد عمر کے استعفے پر لاعلمی کا اظہار کردیا، انہوں نے کہا کہ اسد عمر کا ٹویٹ فوٹو شاپ لگتی ہے، اسد عمر کیوں استعفیٰ دیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری نے وزیرخزانہ اسد عمر کے وزارت چھوڑنے کے ٹویٹ اور اسد عمر کی پریس کانفرنس سے بھی لاعلمی کا اظہار کردیا۔

ان سے میڈیا نے سوال کیا کہ اسد عمر نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے توانہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر نے توابھی توانائی اجلاس کی صدارت کی ہے۔ اسد عمر وزارت سے کیوں استعفیٰ دے گا؟ انہوں نے کہا کہ اسد عمر کا ٹویٹ فوٹو شاپ لگتی ہے۔دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، ابتدائی طور پر پانچ وزارتوں میں رودبدل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اسد عمر کے بعد اب صاحبزادہ محبوب سلطان، شہریار آفریدی اور فیصل واوڈا کی وزارتیں بھی خطرے میں ہیں۔وفاقی وزراء اعجاز شاہ، غلام سرورخان اور عمر ایوب کی وزارتیں بھی تبدیل کردی جائیں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد عمر کے توانائی وزارت لینے کے انکار کے بعد عمر ایوب نے بھی وزارت پٹرولیم لینے سے انکار کردیا ہے۔وزیراعظم عمران خان چوہدری غلام سرور کو بھی وزارت پٹرولیم کا قلمدان چھوڑنے کا کہہ چکے ہیں۔

اسی طرح وفاقی وزیرپارلیمانی اموراعجاز شاہ کو وزارت داخلہ بنائے جانے کا امکا ن ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کو ملاقات کیلئے طلب کرلیا ہے۔ ملاقات میں وزارت خزانہ اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسی طرح حکومت کی جانب سے نئے وزیرخزانہ کیلئے ڈاکٹرعشرت حسین، حفیظ پاشا، سلمان شاہ، شوکت ترین سمیت عمر ایوب کے نام زیرغور ہیں۔

واضح رہے اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں کہا کہ وفاقی کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا اعلان رات یا صبح ہوجائے گا، پاکستان کی بہتری کیلئے حصہ ڈالنے کیلئے آیا تھا،عمران خان کو کہا کہ آپ کیلئے نہیں پاکستان کیلئے پی ٹی آئی جوائن کی ہے، سازشوں میں نہیں پڑتا، نہیں معلوم میرے فیصلے سے پی ٹی آئی مضبوط ہوگی یا کمزور ہوگی۔

انہوں نے وزارت خزانہ چھوڑنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے بھی کہا تھا کہ کارکردگی کی بنیاد پر ردوبدل کرنا چاہتے ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ میں توانائی کا چارج لے لوں۔ لیکن میں نے ان کو کہا کہ آپ اجازت دیں کہ میں کابینہ سے الگ ہوجاتا ہوں۔عمران خان سے کہا کہ میں نئے پاکستان کیلئے ہمیشہ دستیاب ہوں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات