مسلمان ہوں ، ماڈل صفا کبیر کی اپنے ملحد ہونے کی تردید

مرنے کے بعد دوبارہ زندگی پر یقین نہیں رکھتی ہوں ،بنگلہ دیش کی نامور ٹی وی اداکارہ کا انٹرویو صفا کبیر نے صرف قیامت کا انکار کیا ،جہنم اور جنت پر بھی یقین نہیں رکھتیں، سوشل میڈیا پر شدید تنقید

جمعرات اپریل 17:24

مسلمان ہوں ، ماڈل صفا کبیر کی اپنے ملحد ہونے کی تردید
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) بنگلہ دیش کی نامور ٹی وی اداکارہ اور ماڈل 24 سالہ صفا کبیر نے اپنے ملحد ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مسلمان ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق اداکارہ نے یہ وضاحت لوگوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے اور خود کو ’ملحد‘ کہے جانے کے بعد کی ۔صفا کبیر کو لوگوں نے اس وقت ملحد رار دینا شروع کیا جبکہ گزشتہ ہفتے انہوں نے ایک ریڈیو پروگرام میں بعد از موت کی زندگی پر بات کی۔

صفا کبیر نے ایک ریڈیو پروگرام کے دوران اپنی پیشہ ورانہ زندگی سمیت دیگر معاملات پر بھی بات کی۔ماڈل و اداکارہ نے بعد از موت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ در اصل وہ مرنے کے بعد دوبارہ زندگی پر یقین نہیں رکھتیں۔24 سالہ اداکارہ نے وضاحت کی تھی کہ دراصل وہ ہر اس بات پر یقین نہیں کرتیں جو انہوں نے دیکھی نہیں ہوتی، اس لیے وہ بعد از موت کی زندگی پر یقین نہیں رکھتیں۔

(جاری ہے)

صفا کبیر کا یہ بیان دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور لوگوں نے اداکارہ کو ملحد قرار دینا شروع کیا اور کہا کہ اداکارہ قیامت سے ہی انکار کر رہی ہیں۔لوگوں نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا کہ صفا کبیر نے نہ صرف قیامت کا انکار کیا بلکہ وہ ’جہنم اور جنت‘ پر بھی یقین نہیں رکھتیں۔بعض لوگوں نے انہیں کافر بھی قرار دیاجس کے بعد اداکارہ نے لوگوں سے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔

صفا کبیر نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے لوگوں سے معذرت کی اور کہا کہ اگر ان کی بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ معافی کی طلب گار ہیں۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں اسلام سے متعلق بھی باتیں لکھیں اور لکھا کہ خدا رحم کرنے والا ہے اور انہیں بھی یقین ہے کہ خدا انہیں ان کی غلطیوں اور گناہوں پر معاف کردیگا۔فا کبیر کی اس پوسٹ پر بھی درجنوں افراد نے کمنٹس کیے اور متعدد افراد نے ان کی جانب سے کی گئی معذرت کی تعریف کی۔صفا کبیر ٹی وی کے متعدد ڈراموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں، علاوہ ازیں وہ کچھ گانوں میں بھی ماڈلنگ کے جوہر دکھا چکی ہیں۔