اسد عمر کے وزارت خزانہ چھوڑنے کے بعد ریحام خان نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا

یہ تاثر کہ عمران خان بہت اچھے ہیں لیکن ان کی کابینہ کرپٹ ہے، غیر حقیقی ہے،ان تمام نااہل اور کرپٹ لوگوں کو عہدے کس نے دئیے؟ اگر وزیراعظم اتنا ہی بچہ ہے تو یہ بہت خطرناک بات ہے۔ ریحام خان

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان جمعرات اپریل 17:43

اسد عمر کے وزارت خزانہ چھوڑنے کے بعد ریحام خان نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2019ء) وزیر خزانہ اسد عمر نے آج ایک ٹویٹ کے ذریعے سے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ کابینہ کا حصہ نہیں ہیں اور نہ ہی مزید کوئی وزارت لیں گے۔وزیر خزانہ اسد عمر کے وزارت خزانہ چھوڑنے کے بعد ریحام خان بھی میدان میں آ گئیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کاروبار ناکام ہو جائے تو اس کے چیف ایگزیکٹیو کو ذمہ داری لینا پڑتی ہے۔

یہ تاثر کہ عمران خان بہت اچھے ہیں لیکن ان کی کابینہ،وزراء اعلیٰ اور اردگرد کا نیٹ ورک کرپٹ ہے، غیر حقیقی ہے،ریحام خان نے مزید کہا کہ ان تمام نااہل اور کرپٹ لوگوں کو عہدے کس نے دئیے؟ اگر وزیراعظم اتنا ہی بچہ ہے تو یہ بہت خطرناک بات ہے۔

(جاری ہے)

 
واضح رہےاسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم مجھے خزانہ کی بجائے وزارت توانائی دینا چاہتے تھے۔

وزیراعظم کابینہ میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ میں نے وزیراعظم کو اعتماد میں لیا ہے کہ میں مزید کابینہ کا حصہ نہیں رہوں گا۔ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ میں وزارت خزانہ چھوڑ دوں،میرا یقین ہے کہ عمران خان پاکستان کے لیے امید ہیں۔ ہم انشاء اللہ نیا پاکستان بنائیں گے۔۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عمرایوب کو وزیر خزانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔

جب کہ ڈاکٹر عشرت حسین کو مشیر خزانہ بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔۔واضح رہے اس سے قبل بھی وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبروں کی تردید کی تھی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ یہ سب کی باتیں غلط ہیں میں کہیں نہیں جارہا۔ اس موقع پر انہوں نے یہ شعر بھی سنایا اور کہا کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے۔۔تاہم اب انہوں نے وزارت خزانہ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔