محمد عامر ورلڈ کپ کے ابتدائی سکواڈ سے ڈراپ

عابد علی پہلی مرتبہ ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل،جنید خان ان،محمد رضوان سکواڈ کا حصہ نہ بن سکے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 18 اپریل 2019 17:47

محمد عامر ورلڈ کپ کے ابتدائی سکواڈ سے ڈراپ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18اپریل2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ2019ءاور دورہ انگلینڈ کےلئے سکواڈ کا اعلان کردیا، فاسٹ باﺅلر محمد عامر کو ورلڈ کپ کے ابتدائی 15رکنی سکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا تاہم انہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز کےلئے سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں بڑا خوش نصیب ہوں کہ میں نے پاکستان کے لیے 5 ورلڈ کپ کھیلے جن میں سے ایک ورلڈ کپ جیتا بھی ہے، میں نے جیت کا مزہ بھی چکھا ہے اور ہار بھی دیکھی ہے۔

انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ 2019ءکے لیے 15رکنی سکواڈ کا اعلان کیا ، ان کا کہنا تھا کہ2کھلاڑیوں کو انگلینڈ سیریز کے لیے سلیکٹ کیا گیا ہے ۔ورلڈ کپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ 15کھلاڑیوں میں سرفراز احمد(وکٹ کیپر/کپتان)،محمد حفیظ،امام الحق،فخر زمان،شعیب ملک،بابر اعظم،حارث سہیل ،شاداب خان،عماد وسیم،فہیم اشرف،جنید خان،شاہین شاہ آفریدی،عثمان خان شنواری،محمد حسنین اورحسن علی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کےخلاف سیریز کےلئے محمد عامر اور آصف علی کو ٹیم میں لیا گیا ہے ،محمد عامر کی ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت کا انحصار انگلینڈ کےخلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انکی پرفارمنس پر ہوگا،انکا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سکواڈ میں 22 مئی تک تبدیلی کی جاسکتی ہے۔انضمام الحق نے تسلیم کیا کہ عماد وسیم کو کسی حد تک فیور دیا گیا ہے، وہ فٹنس ٹیسٹ کلیئر نہیں کرسکے تھے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ میں 30مئی سے شروع ہونےوالے ورلڈ کپ میں حصہ لینے سے قبل قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کےخلاف سیریز کھیلے گی،پاکستان ٹیم دورہ انگلینڈ کیلئے 23اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگی ،ٹیم دورہ کے دوران 5ون ڈے اور1 ٹی ٹونٹی کھیلے گی جبکہ دو ففٹی اوور اور ایک ٹونٹی اوور کا پریکٹس میچ بھی کھیلا جائےگا ،قومی ٹیم کا پہلا پریکٹس ون ڈے کینٹ کےخلاف 27اپریل کو، دوسرا نارتھمپٹن شائر کےخلاف 29اپریل کو ہوگا جبکہ لیسٹر شائر کےخلاف ٹی ٹونٹی پریکٹس میچ یکم مئی کو ہوگا، انگلینڈ کےخلاف دورہ کا واحد ٹی ٹونٹی 5مئی کو کارڈف میں ہوگا ،5ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ 8مئی کو اوول ،دوسرا میچ 11مئی کو ہیمپشائر گراﺅنڈ ، تیسرا ون ڈے 14مئی کو برسٹل میں، چوتھا ون ڈے 17مئی کو ٹرینٹ برج اور پانچواں ون ڈے 19مئی کو لیڈز میں ہوگا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 30مئی سے 14جولائی تک انگلینڈ میں منعقد ہوگا ، پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 16جون کو اولڈ ٹریفرڈ میں ٹکرائیں گی ،ورلڈ کپ میں اپنے افتتاحی میچ سے قبل قومی ٹیم افغانستان اور بنگلہ دیش کےخلاف وارم اپ میچز بھی کھیلے گی ،افغانستان کےخلاف وارم اپ میچ 24مئی کو برسٹل میں منعقد ہوگا جبکہ بنگلہ دیش کےخلاف 26مئی کو کارڈیف میں وارم اپ میچ ہوگا ،31مئی کو قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کےخلاف ٹرینٹ برج میں اپنا پہلا میچ کھیلے گی ،دوسرا میچ 3جون کو انگلینڈ کےخلاف ٹرینٹ برج میں ہوگا ،تیسرا میچ 7جون کو سری لنکا کےخلاف برسٹل میں ہوگا ،چوتھا میچ 12جون کو آسٹریلیا کےخلاف ٹانٹن میں ہوگا ،پانچواں میچ 16جون کو بھارت کےخلاف اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلا جائےگا ،چھٹا میچ 23جون کو ساﺅتھ افریقہ کےخلاف لارڈز کرکٹ گراﺅنڈ میں ہوگا، ساتواں میچ نیوزی لینڈ کےخلاف 26جون کو ایجبیسٹن میں منعقد ہوگا ،آٹھواں میچ 29جو ن کو افغانستا ن کےخلاف ہیڈنگلے میں ہوگا جبکہ نواں میچ بنگلہ دیش کےخلاف لارڈز کرکٹ گراﺅنڈ میں5 جولائی کو ہوگا۔