Live Updates

حکومت یونیفارم ایجوکیشن پالیسی لانے کے لئے کام کر رہی ہے، شفقت محمود

جمعرات 18 اپریل 2019 18:13

حکومت یونیفارم ایجوکیشن پالیسی لانے کے لئے کام کر رہی ہے، شفقت محمود
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلباء کو برابر کے مواقع فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے لئے یونیفارم ایجوکیشن پالیسی لانے کے لئے کام کر رہی ہے۔ جمعرات کو وہ بیکن ہائوس سکول سسٹم میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم ایک مساوی تعلیمی نظام کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہی ہے جہاں تمام طلباء کو ایک ہی نصاب پڑھایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی اس کامیابی میں والدین اور اساتذہ کی محنت بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بیکن ہائوس سکول سسٹم کی بھی تعریف کی جو کہ ملک کو باصلاحیت افراد فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں صورتحال زیادہ اچھی نہیں ہے، تحریک انصاف کی حکومت نیا عزم لے کر آئی ہے کہ وہ ملک کے تعلیمی اداروں کو بہتر بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی 20 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں، یہ ایک بڑا چیلنج ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے ہم ان بچوں کے سکولوں میں داخلے کو یقینی بنانے کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر بیکن ہائوس سکول کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر قصوری نے سکول سسٹم کے ناردرن ریجن کے نتائج 2018ء کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتائج میں 764 طلباء نے انتہائی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اس کامیابی پر فیکلٹی کی کوششوں اور محنت کی تعریف کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات