اسلام آباد میں ایل ایم ایس کیپیٹل چمپئن شپ کا انعقاد

ایمیچر کرکٹ کے فروغ کیلئے ملتان سلطانز سب سے آگے،ملتان سلطانز کے سٹار کھلاڑیوں کی شرکت

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 18 اپریل 2019 18:28

اسلام آباد میں ایل ایم ایس کیپیٹل چمپئن شپ کا انعقاد
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18اپریل2019ء) ایل ایم ایس اسلام آباد کی میزبانی میں ایل ایم ایس کیپیٹل چمپئن شپ کا 19سے21اپریل تک راولپنڈی اور اسلام آباد میں انعقاد،تین روزہ مقابلوں کے میچز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم،راولپنڈی اور نیشنل کرکٹ گراﺅنڈ، اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ایموچر کرکٹ کے فروغ کیلئے ملتان سلطانز نا صرف اس ٹورنامنٹ کو سپانسر کررہا ہے بلکہ ان کھلاڑیوں کو پیشہ ور کھلاڑیوں کےساتھ کھیلنے کا موقع بھی فراہم کررہا ہے۔

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر عصر ملک نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایونٹ میں شریک تمام چھ ٹیمیں ملک کے بہترین ایموچر کھلاڑیوں سے لیس ہیں جبکہ تمام ٹیموں کو ایک سٹار کھلاڑی کی خدمات بھی حاصل ہیں۔ ملتان سلطانز کے سٹار کھلاڑی محمد عباس، حماد اعظم، عمر صدیق اور علی شفیق ایموچر کرکٹ کے فروغ کیلئے پیش پیش ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل فائنل کے موقع پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے موجود ہونگے۔

(جاری ہے)

لودھراں واریئرز کی قیادت علی خان ترین کررہے ہیں جبکہ ملتان سلطانز کے سٹار اوپننگ بیٹسمین عمر صدیق بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔ ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر علی شفیق لاہورلیجنڈز میں شامل ہیں جس کے کپتان عصر ملک ہیں۔ حسن رحمان سیالکوٹ جیگیورز کے کپتان ہیں جس میں نوجوان اور ابھرتے ہوئے لیگ سپنر اسامہ میربھی شامل ہیں۔ زلفی بخاری اور کامل خان اٹک سپارٹنز کے مالک ہیں جبکہ اسلام آباد بادشاز کی کپتانی احمد یار درانی کے سپرد ہے۔

فیصل آباد کی ٹیم لائل پورلائنز کا انتخاب سعید اجمل اکیڈمی پر ہوا اور سابق آف اسپنر سعید اجمل اس ٹیم کے مینٹور ہیں۔ایونٹ کی فاتح ٹیم رواں سال دسمبر میں سڈنی میں کھیلے جانےوالی ایل ایم ایس ورلڈ چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرے گی۔ایونٹ کے تمام میچز ایل ایم ایس اور ملتان سلطانز کے فیس بک پیج پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ایموچر کرکٹ کے فروغ کیلئے آنے والے دنوں میں جنوبی پنجاب اور کراچی میں ایونٹس کروائے جائیں گے۔