پاکستان میں پہلی بار دنیا کے سب سے بڑے کتب میلے کا افتتاح

لاہور میں 11 روز تک 24 گھنٹے کھلے رہنے والے اس میلے میں کتابیں 50 فیصد سے 90 فیصد رعایت سے حاصل ہوں گی

جمعرات 18 اپریل 2019 18:34

پاکستان میں پہلی بار دنیا کے سب سے بڑے کتب میلے کا افتتاح
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2019ء) دنیا کی سب سے بڑی بک سیل دی بگ بیڈ وولف بک سیل نے پاکستان میں لاہور ایکسپو سینٹر میں باقاعدہ طور پر کتب میلے کی شروعات کا افتتاح کردیا ہے۔ اس تقریب میں صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن و ٹورزم راجہ یاسر ہمایوں نے شرکت کی جن کے ہمراہ بگ بیڈ وولف بک سیل کے بانی اینڈریو یاپ اور بگ بیڈ وولف بک سیل کے منتظم اویس اختر بٹ موجود تھے۔

اس کے پارٹنر پنجاب گروپ آف کالجز کی ڈائریکٹر آف پنجاب گروپ ہاجرہ افضل کی بھی نمائش میں موجود تھیں ۔ 24 گھنٹے مسلسل جاری رہنے والی کتابوں کی سب سے بڑی نمائش لاہور میں 11 روز تک شائقین کتب کی جانب سے خریداری کے لئے نان اسٹاپ کھلی رہے گی۔ اس کتب میلے کا آغاز لاہور ایکسپو سینٹر کے ہال 3 میں 19 اپریل 2019 کو صبح 9 بجے ہوگا اور 29 اپریل 2019 کو رات 12 بجے یہ کتب میلہ اختتام پذیر ہوگی۔

(جاری ہے)



بگ بیڈ وولف بک سیل کے بانی اینڈریو یاپ نے کہا، مطالعہ کے ذریعے دنیا کو بہتر انداز سے سمجھا جاتا ہے۔ یہ آپ کی شخصیت میں بہتری لانے میں معاون ہے، مطالعہ سے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے کہ وہ نئی چیزیں سیکھیں اور اپنے خواب کو حقیقت میں تبدیل کردیں۔ بگ بیڈ وولف بک سیل نمائش میں ہمارا عزم ہے کہ انتہائی کم قیمت کے ذریعے لوگوں کی کتابوں سے رسائی بڑھائی جائے تاکہ زیادہ لوگ مطالعہ کریں ، ہم یہاں لاہور میں لوگوں کی کتابوں میں دلچسپی لینے پر خوش ہیں۔



یہاں لوگ اپنی پسندیدہ صنف کے ذریعے مختلف کٹیگریز میں کتابیں تلاش کرسکتے ہیں۔ اس نمائش میں آرٹ، آرکیٹیکچر اور تاریخ سے لیکر سائنس، شاعری اور مختلف اقسام کے فکشن پر مبنی بین الاقوامی ادب کی بہترین کتابیں دستیاب ہیں۔ یہاں بچوں کے لئے بھی انتہائی وسیع اقسام کی کتابیں بشمول ایکٹویٹی بکس کے ساتھ آگمنٹڈ ریالٹی اسٹوری بکس بھی دستیاب ہوں گی۔



انہوں نے کہا، ہم اس نمائش میں بچوں کے لئے لٹل ہیپو آگمنٹڈ ریالٹی (آے آر) بکس بھی لارہے ہیں۔ ہم یہ بات سمجھتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کو جھٹلایا نہیں جاسکتا اور موجودہ نسل کے بچے ٹیکنالوجی سے زیادہ ہم آہنگ ہوتے ہیں۔ یہ بچوں کے لئے جادوئی جیسا تجربہ ہوگا جس میں وہ اپنے پسندیدہ کرداروں کو گفتگو اور فعال انداز سے دیکھ سکیں گے ۔

بگ بیڈ وولف بک سیل نمائش میں ایشیاء کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ خصوصی طور پر فروخت ہونے والی لٹل ہپو آگمنٹڈ ریالٹی (اے آر) بکس بھی موجود ہیں۔

ان اے آر کتابوں میں بچوں کی مختلف کہانیاں جیسے لٹل ریڈ رائیڈنگ ہوڈ، گولڈی لاکس اور دی تھری بیئرز سمیت دیگر شامل ہیں۔ اس میں انٹرایکٹو لرننگ کی خصوصیت کی بناء پر بچے حیران کن انداز سے مطالعہ کرسکیں گے اور جدید ترین اے آر ٹیکنالوجی کے استعمال کی بدولت دلچسپ کتابیں پڑھنے کے ساتھ ساتھ لطف اندوز بھی ہوسکیں گے۔

اس پروگرام کے منتظم اور بگ بک پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اویس اختر بٹ نے کہا، "ہم لاہور میں دنیا کی سب سے بڑی کتابوں کی نمائش کے انعقاد پر انتہائی خوش ہے۔

لاہور شہر نے دنیا کو عظیم لکھاریوں، مقررین اور دانشوروں سے متعارف کرایا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہر شخص مطالعہ میں دلچسپی لیتا ہے اور یہ اسکے انتخاب پر منحصر ہوتا ہے۔ بگ بیڈ وولف بک سیل لوگوں کو اپنی پسند کی مہنگی کتاب کے سستے داموں حصول کے لئے بااختیار بناتا ہے، اب لوگ مطالعہ کا شوق پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔"

شائقین کتب کو بہترین کتابوں کی فراہمی کے ساتھ بگ بیڈ وولف بک سیل ادارہ بدلے میں معاشرے کی بہتری کے لئے حصہ لینے پر یقین رکھتا ہے۔

یہ کام اسکے کاروباری سماجی ذمہ داری کے شعبہ ریڈ ریڈرہڈ پروگرام (Red Readerhood Programme) کے ذریعہ سرانجام دیا جاتا ہے۔ اس اقدام کے تحت بالکل نئی اور معیاری کتابیں مستحقین کو عطیہ کی جاتی ہیں۔

اس ضمن میں بگ بیڈ وولف بک سیل 500 کتابیں عطیہ کرے گااور دیگر لوگوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ ریڈ ہڈ پروگرام میں حصہ لے کر معاشرے کو بدلے میں کچھ بہتر انداز سے لوٹائیں۔

اس اقدام کے ذریعے جمع ہونے والی تمام کتابوں سے فلاحی ادارے سلمباد (Slumabad) کے خانہ بدوش بچے مستفید ہوں گے۔ اس کی جانب سے مستحق بچوں کو تعلیم کی فراہمی کا عزم بگ بیڈ وولف بک سیل کے مشن سے ہم آہنگ ہے۔ جو اس اچھے کام کے لئے عطیہ کرنے کے خواہاں ہوں وہ ریڈ ریڈر ہڈ کارنر کا دورہ کرکے ان بچوں کے لئے قائم کیشیئر کاوٴنٹرز سے کتابیں خرید کر نمائش میں موجود خصوصی ڈبے میں رکھ سکتے ہیں۔



رواں سال لاہور میں بگ بیڈ وولف بک سیل نمائش کے انعقاد میں مقامی اداروں جیسے پنجاب گروپ آف کالجز، ایسوسی ایشن فار ایکڈمک کوالٹی اور سلاماباد کا بھی تعاون حاصل ہے جو اس کے پرعزم مشن ایک وقت میں ایک کتاب کے مطالعہ سے ذہن کی دنیا کی تبدیلی (changing the world one book at a time) سے ہم آہنگ ہے۔

سال 2009 میں ملائیشیا میں اس کی پہلی نمائش منعقد ہوئی۔

بگ بیڈ وولف بکس اپنے اس مشن پر کاربند ہے کہ کتب بینی سے محروم افراد کو نئی کتابیں مطالعہ کے لئے پیش کی جائیں اور دنیا بھر میں شائقین کتب کی کتاب سے محبت پروان چڑھائی جائے۔ اس کے بعد سے یہ کوالالمپور کے ساتھ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں لوگوں کے لئے لازمی شرکت کی حامل نمائش بن گئی ہے۔ رواں ماہ پاکستان میں اسکی پہلی نمائش سے لوگوں کو حیران کن انداز سے کتابیں حاصل کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

کتابوں کے شوقین افراد بگ بیڈ وولف بک سیلز کے سوشل میڈیا پیجز سے اس نمائش کے بارے میں تازہ ترین معلومات سے باخبر رہ سکتے ہیں۔