راولپنڈی ،تاجروں نے بھارتی چینل دکھانے والی ڈیوائسز کو آگ لگا دی

بھارتی نشریات پرپابندی بارے کوئی دو رائے نہیں ہو سکتی، ملک کی عزت و وقار کیلئے جانیں دینے کیلئے تیار ہیں،بھارت پر ایک نہیں دس بار لعنت بھیجتے ہیں، تاجر برادری کسی صورت بھارتی چینلز چلانے کی اجازت نہیں دینگے ،اگر کسی نے ایسا کیا تو لائسنس کینسل،مقدمہ کے اندراج کیساتھ جرمانہ بھی کیا جائیگا، چیئرمین پیمرا جن چیزوں پر حکومت نے پابندی لگائی ،ان کو ختم کرنا اچھا اقدام ہے،اس کے پیسے کہاں استعمال ہوتے تھے سب جانتے ہیں،ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس

جمعرات 18 اپریل 2019 19:49

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) راولپنڈی میں تاجروں نے بھارتی چینل دکھانے والی ڈیوائسز کو آگ لگا دی اور واضح کیا ہے کہ بھارتی نشریات کی پابندی کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں ہو سکتی،ہم اپنے ملک کی عزت و وقار کیلئے اپنی جانیں دینے کیلئے تیار ہیں،ہم بھارت پر ایک نہیں دس بار لعنت بھیجتے ہیںجبکہ چیرمین پیمرا مرزا سلیم بیگ نے کہا ہے کہ کسی صورت بھارتی چینلز کو چلانے کی اجازت نہیں دینگے اگر کسی نے بھارتی چینل چلائے تو مقدمہ کے اندراج کیساتھ جرمانہ بھی کیا جائیگااکتوبر میں پاکستان ڈی ٹی ایچ کو لانچ کرنے جارہے ہیں تاجر برادری ہماری مدد کرے۔

۔چیئرمین پیمرا نے یہ بات راولپنڈی میں امپیریل مارکیٹ کے باہر تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

بھارتی چینل دکھانے والی ڈیوائسز کو نذر آتش کرنے کی تقریب راولپنڈی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔چیئرمین پیمرا مرزا سلیم بیگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ راولپنڈی کی تاجر برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوںجس آپریشن کو کراچی سے شروع کیا وہ لاہور سے ہوتا ہوا یہاں تک پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں پاکستان ڈی ٹی ایچ کو لانچ کرنے جارہے ہیں ، اس میں تاجر برادری ہماری مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز پاکستانی چینلز کو فروغ دیں،ہم کسی صورت میں بھارتی چینلز کو چلانے کی اجازت نہیں دینگے۔ ،اگر کوئی بھارتی چینل چلائے گا تو اس کا لائسنس کینسل کردیاجائیگا اور مقدمے کے اندراج کیساتھ اسے جرمانہ بھی کیا جائیگا۔

انہوں نے تاجر برادری سے کہا کہ آپ سے درخواست ہے قوانین کی پاسداری کریں اگر سب لوگ اگر قوانین کے تحت چلیں گے تو پریشانی نہیں ہوگی۔ ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس زاہد کھوکھر نے کہا کہ جن چیزوں پر حکومت نے پابندی لگائی ہے ان کو ختم کرنا اچھا اقدام ہے،اس کے پیسے باہر جاتے تھے اور کہاں استعمال ہوتے تھے سب جانتے ہیںاس کو تباہ ہی کیا جانا چاہئے ۔

صدر مرکزی انجمن تاجران شاہد غفور پراچہ نے کہا کہ اپنے کاروبار کو چھوڑ کر اس مقصد کیلئے باہر نکلنے والے تاجروںکو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جس مقصد کیلئے آج آپ سب اکھٹے ہوئے ہیں اس سے آپ نے اپنے ملک کی عزت سے وفاداری ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی نشریات کی پابندی کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کی عزت و وقار کیلئے اپنی جانیں دینے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں جب بھی پکارا گیا ملک کیلئے تاجروں نے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت پر ایک نہیں دس بار لعنت بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے۔تقریب کے آخر میں چیئرمین پیمرا مرزا سلیم بیگ ،ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس، صدر انجمن تاجران و دیگر تاجر رہنماؤں نے مل کر بھارتی چینل دکھانے والی ڈی ٹی ایچ اور سی لائین ڈیوائسز کو پٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔بھارتی نشریات دکھانے والی ڈیوائسز جلانے میں شہریوں اور تاجروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور بھارت مردہ باد کے نعرے لگائے۔