جمہوریت کے استحکام کے لئے صحافتی اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے‘صمصام بخاری

صحافتی اداروں کو اشتہارات کی ادائیگیوں میں حائل رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں‘وزیر اطلاعات کی زیرصدارت محکمانہ اجلاس

جمعرات 18 اپریل 2019 19:49

جمہوریت کے استحکام کے لئے صحافتی اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے‘صمصام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،پی ٹی آئی حکومت جمہوریت اور صحافتی آزادیوں کے تسلسل کے لئے صحافتی اداروں کے استحکام کی اہمیت سے آگاہ ہے، حکومتی پالیسیوں اور ترجیحات کو عوام تک پہنچانے اور رائے عامہ ہموار کرنے میں میڈیا کے کردار کو کسی طور نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے تعلقات پنجاب کے دفتر میں منعقدہ محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و ثقافت مومن آغا، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ڈاکٹر محمد اسلم ڈوگر اور دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ حکومت صحافتی اداروں کو اشتہارات کی مد میں ادائیگیوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

اس مقصد کے لئے جن سرکاری محکموں اور اداروں کے ذمہ واجب الادا رقوم ہیں ان سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ جلد از جلد میڈیاہائوسِز کو اشتہارات کی مد میں تاخیر کا شکار رقوم ادا کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کے ساتھ خوشگوار اور مفید تعلقات کار پر یقین رکھتی ہے۔ میڈیا کو ساتھ لے کر چلنا کسی بھی حکومت کی کامیابی کی دلیل ہے۔ پی ٹی آئی حکومت میڈیا کو اپنے اور عوام کے درمیان رابطے کا پل سمجھتے ہوئے اس شعبے کو بڑی اہمیت دیتی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ میڈیا کا ہاتھ ہمارے معاشرے کی نبض پر ہوتا ہے اور میڈیا رپورٹس کی روشنی میں عوامی پالیسیاں ترتیب دینے والی حکومتیں کبھی ناکام نہیں ہوتیں۔