اسرائیل ناجائز ریاست ہے جس نے امریکی آشیر بادسے فلسطینیوں پرعرصہ حیات تنگ کردیا ہے‘امیر العظیم

مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی خاموشی معنی خیز ہے‘امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

جمعرات 18 اپریل 2019 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ فلسطین کی تازہ صورتحال پر عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس آئندہ ہفتے قاہرہ میں ہوگا، اس اجلاس کو نتیجہ خیز ہونا چاہئے، فلسطین پر اسرائیلی جارحیت نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے کام کرنے والے لوگوں پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں، اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، جس نے امریکی آشیر باد سے فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے۔

انہون نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بولان کی مقبوضہ پہاڑیوں پر اسرائیلی قبضہ کو تسلیم کرنے پر دنیا بھر کے حکمرانوں کی خاموشی ثابت کرتی ہے کہ اقوام متحدہ امریکہ کی زر خرید لونڈی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جون 1967کی جنگ میں اسرائیل نے بولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کیا تھا مگر گزشتہ 52سال کے دوران دنیا کے کسی ایک ملک نے بھی اسے اسرائیل کا حصہ نہیں مانا۔

انھوں نے کہا کہ امریکی صدر کے اس بیان سے واضح ہوگیا ہے کہ عالمی دہشت گرد ی کا مرکز امریکہ ہے جو ایک غنڈے اور دہشت گرد کے طور پر اسرائیل کو پال رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی صدر کے اس بیان کے فوری بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یورپی یونین کے 5ممالک نے نہ صرف امریکی اعلان کی مذمت کی بلکہ اسے اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سلامتی کونسل میں فرانس، جرمنی، پولینڈ ، برطانیہ اور بلجیئم کے نمائندوں نے ایک مشترکہ پریس بریفنگ میں واضح کیاہے کہ ہم بولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کے قبضہ کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی سمجھتے ہیں اور اس معاملے میں ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ یورپی یونین کے نمائندے تو اس امریکی غنڈہ گردی پر سراپا احتجاج ہیں لیکن پاکستان کا دفتر خارجہ اور حکومت اب تک منہ میں گھنگھنیاں ڈالے بیٹھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس مسئلہ کو قومی اسمبلی اور سینٹ میں بھی اٹھائے گی اور ملکی سطح پر بھی رائے عامہ ہموار کرے گی۔