پنجاب پولیس کی سربراہی کا اعزازدوسری بار ملنا باعث فخرہے، کیپٹن (ر) عارف نواز

پولیس رویہ اور ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے شکایا ت برداشت نہیں کی جائیں گی،پالیسی بیان جاری

جمعرات 18 اپریل 2019 20:27

پنجاب پولیس کی سربراہی کا اعزازدوسری بار ملنا باعث فخرہے، کیپٹن (ر) ..
لاہور۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) پنجاب پولیس کی سربراہی کا اعزازدوسری بار ملنا میرے لئے انتہائی فخر اور باعث عزت ہے، جس کے لئے میں اللہ تبارک وتعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔ جرائم پیشہ عناصر کے قلع قمع کے لئے پر عزم اور پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے سینئر اور جونیئر رینک کے بہترین افسران کے ساتھ ساتھ سویلین سٹاف کی سربراہی میرے لئے باعث افتخار ہے ۔

تاہم پنجاب پولیس کو درپیش چیلنجز کے ساتھ ساتھ عوامی توقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم اکٹھے جدو جہد کرتے ہوئے صوبے کے عوام کو بہترین خدمات مہیا کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔میں فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے شہد اکو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور تمام سابق آئی جیز کی جانب سے پنجاب پولیس کی کارکردگی میں بہتری کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہتا ہوںاور یقینا ان کے شروع کئے گئے تمام اقدامات بالخصوص آئی ٹی اصلاحات میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارآئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس حقیقت سے باخبر ہوں کہ پنجاب پولیس شہریوں کی خدمت کے لئے ہمیشہ پر عزم انداز میں پیشہ ورانہ مہارت بروئے کار لاتے ہوئے کوشاں رہی ہے ۔ تاہم اس وقت ہمارے لئے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ بلندعوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے ہمیں عوام دوست پولیسنگ ، قانون کی بالادستی ،سخت محنت ، پیشہ ورانہ مہارت اور میرٹ کی بنیاد پراپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کرنا ہوں گے۔

آئی جی نے کہا کہ ہم تربیت کا معیار مزید بہتر بناتے ہوئے نئے سپیشلائزڈ سکول بنا ئیں گے تاکہ محکمہ پویس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے۔پولیس رویہ اور ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے شکایا ت بالکل برداشت نہیں کی جائیں گی اورشواہد کی بناء پر شفاف تحقیقات کرتے ہوئے ،قانون کی بلا امتیاز اور منصفانہ بالا دستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

آئی جی نے اپنے پالیسی بیان میں مزید کہا ہے کہ ہم خواتین ،اقلیتوں اور معاشرے کے محروم طبقوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے اور فورس پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ عوام کا عتماد جیتنے کے لئے ہمیں مکمل طور پر غیر سیاسی رہتے ہوئے اپنے رویہ کو مزید بہتر کرناہو گا اور شائستگی اور غیر جانبداری کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے سروس ڈیلیوری کے معیار کومسلسل بہتر کرنا ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں پر وایکٹوپولیسنگ میں یقین رکھتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مستعد پٹرولنگ، موثر کرائم پٹرول اور اشتہاریوں کی گرفتاری کو یقینی بناتے ہوئے صوبہ بھر میں مکمل تحفظ کو یقینی بنا یا جائے۔آئی جی نے عوامی سہولیات کے حوالے سے پولیس سروسز کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں عوام کی مدد سے جرائم کی روک تھام کرتے ہوئے امن و امان کو قائم رکھنے اور دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے پنجاب پولیس میں ایک جامع کمیونٹی شراکت پروگرام شروع کیا جائے گا،تنازعات کے حل کے لئے متبادل نظام کا قیام بھی اس اقدام کا حصہ ہو گا۔

عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے ایمر جنسی 15اور آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 8787کو جدید سہولیات فراہم کرتے ہوئے مزید بہتر کیا جائے گا۔میرے گزشتہ دور میں شروع کئے گئے پولیس خدمت مراکز کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک بڑھایا جائے گا۔پنجاب پولیس کے حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر ورکنگ کنڈیشنز ،خصوصاً تھانوں کی صورتحال میں بہتری اور سہولیات کی فراہمی پر میری خصوصی توجہ ہو گی ۔

سخت اور بلا امتیاز احتساب اور شفاف مالیاتی نظام میری ترجیح ہو گا۔ محکمہ میں موجود بدعنوان اوراختیارات سے تجاوز کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ میں سینئر اور جونیئر افسران میں موجود رابطہ کے فقدان سے بھی آگاہ ہوںاور اس طرح کے تمام مسائل کے خاتمہ کے لئے فیصلہ سازی میں سب کی رائے کو شامل کیا جائے گا جبکہ پنجاب پولیس کے ہر رکن کی عزت نفس کا خیا ل بھی کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں فورس میں موجود کانسٹیبلری اور آفیسرز کو یہ یقین دہانی کراتا ہوں کہ ضابطہ کار کے مطابق کسی کو بھی اس کا موقف سنے بغیرسزا نہیں دی جائے گی ۔ہم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور انعامات دینے کے ساتھ ساتھ طے شدہ مدت میں میرٹ کی بنیاد پر ترقیاں بھی یقینی بنائیں گے۔ شہدا کی فیملیز اور فورس کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائیگا۔

آئی جی نے کہا ہے کہ میں پر امید ہوں کہ سروس ڈیلیوری میں بہتری ، عوام کی عزت نفس اور وقار کا تحفظ اور بہترین پیشہ ورانہ قابلیت کے ساتھ کام کرتے ہوئے ہم عوام کا اعتماد جیتنے اور پنجاب پولیس کا تشخص بدلنے میں کامیاب ہوں گے۔