مقبوضہ کشمیر‘ نام نہاد پارلیمانی انتخابات کیخلاف سرینگر ، بڈگام میں زبردست مظاہرے‘ بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال‘ متعدد افراد زخمی

جمعرات 18 اپریل 2019 20:55

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات کے خلاف جمعرات کو سرینگر اور بڈگام کے اضلا ع میں زبردست مظاہرے کیے گئے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر اور بڈگام اضلاع کے زکورہ، صورہ، پمپوش کالونی، دھر مونہ، بیروہ ، چرار شریف ، کانڈورہ ، چاڈورہ ، کائوسہ ، رٹھ سن ،نصراللہ پورہ اور دیگر علاقوںمیں لوگ دھونگ انتخابات کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور زبردست مظاہر ے کیے ۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی، پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعد د افراد زخمی ہو گئے۔ آخری اطلاعات تک مظاہرین اور بھارتی فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔ دریں اثنا نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر سرینگر، بڈگام اور گاندر بل کے علاقوں میں آج مکمل ہڑتال ہے جس کی کال مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے ۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔