گرتی حکومتی دیوار سے ایک نہیں مزید کئی اینٹیں گرنے والی ہیں،مولانا فضل الرحمن

موجودہ نااہل حکمرانوں کا اقتدار میں رہنا ملک کیلئے خطرے کی گھنٹی سے کم نہیں ،وفدسے گفتگو

جمعرات 18 اپریل 2019 21:30

گرتی حکومتی دیوار سے ایک نہیں مزید کئی اینٹیں گرنے والی ہیں،مولانا ..
چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2019ء) جمعت علمائے اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ گرتی حکومتی دیوار سے ایک نہیں مزید کئی اینٹیں گرنے والی ہیں کیونکہ موجودہ حکمران نااہل ہیں اور انہوں نے قوم کو بیس سال پیچھے دھکیل دیا ہے اور موجودہ حکمرانوں کا اقتدار میں رہنا ملک کیلئے خطرے کی گھنٹی سے کم نہیں وہ جے یو آئی ف ضلع چکوال کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

جنہوں نے ضلعی امیرمولانا عبدالسلام نقشبندی ،جنرل سیکرٹری حافظ عبدالقدیر کی قیادت میں ان سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر پیر عبدالشکور نقشبندی،مولانا عبدالمنان ،مولاناحبیب الرحمن، خالد قاضی، شیخ فاروق، ظہور احمد اور عاطف بلال شامل تھے۔مولانا فضل الرحمن نے ضلعی تنظیم کو ہدایت کی کہ وہ یونین کونسل کی سطح پر عوامی رابطہ مہم کو تیز کریں، انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد ہمارے موقف کو آٹھ ماہ بعد تسلیم کیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت کے پاس عوام کامینڈیٹ نہیں بلکہ ان کو زبردستی اقتدار کے اوپر بٹھایا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کی نااہلی کی وجہ سے ملک کی22کروڑ عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔