مکی آرتھر ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم کی مزید کوچنگ کے خواہشمند

بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور معاہدے میں توسیع نہیں چاہتے

جمعرات اپریل 22:31

مکی آرتھر ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم کی مزید کوچنگ کے خواہشمند
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2019ء) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کوچنگ کنٹریکٹ میں توسیع کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔ورلڈکپ روانگی سے پہلے چیف کوچ مکی آرتھر نے کنٹریکٹ میں توسیع کی خواہش کا اظہار کردیا ہے تاہم بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور معاہدے میں توسیع نہیں چاہتے، مکی آرتھر سمیت تمام غیر ملکی کوچنگ سٹاف کانٹریکٹ ورلڈکپ تک ہے، چیف کوچ نے کرکٹ بورڈ سے ورلڈکپ کے بعد بھی ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں جاری رکھنے کا پیغام پہنچایاہے۔

(جاری ہے)

مکی آرتھر کا موقف ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹیلنٹ سے مالامال ٹیم ہے اور اس کے ساتھ ورلڈکپ 2019کے بعد کام کرنا بھی میرے لیے خوشی کا باعث ہوگا، ہیڈکوچ اپنے کئی بیانات میں پہلے بھی کچھ ایسے خیالات کا اظہار کرچکے ہیں۔ دوسری جانب بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور 2014 سے قومی ٹیم کے ساتھ کام کررہے ہیں، وہ اب اپنا معاہدہ پورا ہونے کا انتظار کررہے ہیں، ان کا موقف ہے کہ فیملی کو بہت مس کررہاہوں اور اب اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔پی سی بی نے اس حوالے سے فی الحال خاموشی کی پالیسی اپنارکھی ہے اور نئے معاہدے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے کرنے پر اتفاق کیاگیاہے۔