بی جے پی رہنما پر پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران جوتے سے حملہ

حملہ آور جس نے خود کو ڈاکٹر بتایا حملہ کرنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی،حملے کے بعد اسے فوری طور پر سیکیورٹی گارڈز نے پارٹی دفتر سے باہر نکال کر پولیس کے حوالے کردیا

جمعرات 18 اپریل 2019 23:30

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2019ء) بی جے پی رہنما پر پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران جوتے سے حملہ کیا گیا۔حملہ آور جس نے خود کو ڈاکٹر بتایا، کے حملہ کرنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔حملے کے بعد اسے فوری طور پر سیکیورٹی گارڈز نے پارٹی دفتر سے باہر نکال کر پولیس کے حوالے کردیا۔بی جے پی رہنما بھوپیندرا یادیو اور جی وی ایل نرسمہا راؤ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس پر ہندوتوا رہنماؤں پر جھوٹے الزامات لگاکر ہتک عزت کا دعویٰ کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پریس کانفرنس میں سادھوی پراگیا سنگھ ٹھاکر پر لگنے والے الزامات کا دفاع کرتے ہوئے اسے کانگریس کی سازش قرار دیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمراں جماعت بی جے پینے اعلان کیا تھا کہ وہ موجودہ انتخابات میں 2008 کے خونریز بم دھماکے میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کرنے والی امیدوار کو میدان میں اتاریں گے۔48 سالہ خاتون پنڈت پراگیا سنگھ ٹھاکر ضمانت پر رہا ہیں، جنہیں بم دھماکے کے مقدمات کا سامنا ہے جہاں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ بھوپال شہر سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیں گی۔