پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کسی غیر قانونی مطالبے کو تسلیم نہیں کریگی، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان

جمعرات 18 اپریل 2019 23:36

لاہور۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) پنجاب یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان نے کہا ہے یونیورسٹی انتظامیہ قانون کے مطابق کام کر رہی ہے اور ملازمین کے تمام مسائل پہلے ہی میرٹ پر حل کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کسی بھی قسم کا پریشر برداشت نہیں کریگی اور نہ ہی پنجاب یونیورسٹی میں کوئی غیر قانونی ایسوسی ایشن قائم کرنے کی اجازت دی جائیگی،میڈیا کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو عشروں میں پہلی بار ملازمین اعلیٰ انتظامی عہدوں پر فائز ہوئے ہیں اور ملازمین کو بغیر کوئی رکاوٹ میرٹ پر ترقیاں دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کا احتجاج غیر قانونی اور بلا جواز ہے،پنجاب یونیورسٹی خود مختار ادارہ ہے اور یونیورسٹی کیلنڈر کے مطابق ایپکا کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب یونیورسٹی کے پر امن تعلیمی ماحول کو خراب کرنے کی ہرگز کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی، ان حرکات کے پیچھے کچھ بیرونی عناصر ملوث ہیں تاہم پنجاب یونیورسٹی کے چھ ہزار ملازمین نے احتجاج کو بالکل سپورٹ نہیں کیا جس سے احتجاج ناکام ہو گیا جبکہ صرف چند درجن ملازمین نے قوانین کی خلاف ورزی کی۔