Live Updates

بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ، 9 وفاقی وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے

اسد عمر، فواد چوہدری، غلام سرور، شہریار آفریدی، عامر کیانی، طارق بشیر چیمہ سمیت دیگر سے ان کے قلمدان واپس لے لیے گئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 18 اپریل 2019 21:51

بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ، 9 وفاقی وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ، 9 وفاقی وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے، اسد عمر، فواد چوہدری، غلام سرور، شہریار آفریدی، عامر کیانی، طارق بشیر چیمہ سمیت دیگر سے ان کے قلمدان واپس لے لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی ہے۔ وزیراعظم نے 9 وفاقی وزراء سے یا تو ان کے قلمدان واپس لے لیے ہیں، یا قلمدان تبدیل کیے گئے ہیں۔

اسد عمر، فواد چوہدری، غلام سرور، شہریار آفریدی، عامر کیانی، طارق بشیر چیمہ سمیت دیگر سے ان کے قلمدان واپس لے لیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری سے اطلاعات، علی امین گنڈا پور سے کشمیر امور، غلام سرور خان سے پیٹرولیم، عامر محمود کیانی سے قومی صحت، طارق بشیر چیمہ سے ہاؤسنگ کی وزارت واپس لے لی ہے۔

(جاری ہے)

عبدالحفیظ شیخ کو مشیر برائے خزانہ اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈویژن مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کو وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان کو وفاقی وزیر برائے ہوا بازی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو ریاستوں و سرحدی علاقہ جات کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے جبکہ محمد میاں سومرو جن کے پاس ہوا بازی ڈویژن کا اضافی قلمدان بھی تھا وہ وفاقی وزیر نجکاری کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

اعظم سواتی کو وفاقی وزیر پارلیمانی امور اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ جبکہ ڈاکٹر ظفر الله مرزا کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز و کوآرڈینیشن، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور ندیم بابر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ڈویژن مقرر کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات